بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

مہر فاطمی کے حساب میں ایک مغالطہ کا ازالہ


سوال

مہر فاطمی 500 درہم تھا اور اس دور میں ایک درہم کی مقدار 2.975 گرام چاندی کے سکے کے برابر تھی. فی الوقت چاندی کے ایک گرام کی قیمت 94.32 روپے ہے، اس حساب سے یہ سکہ یعنی ایک درم 280.60 روپے مالیت کا ہوا،  ان سب کو مد نظر رکھتے ہوئے مہر فاطمی 500 درم کے مطابق 140,301 روپے بنتا ہے.

کیا یہی رقم مناسب ہے یا اوپر کے مطابق دیے گئے اعداد میں سے کسی ایک پر اختیار ہوگا؟

چاندی کے موجودہ نرخ کے مطابق 131.25 تولہ (بحساب 1050 روپے فی تولہ)  137,812.5 روپے بنتے ہیں، اور چاندی کے موخرالذکر وزن (یعنی 500 درہم بحساب گرام) کے مطابق 144,373.3 روپے بنتے ہیں.تینوں میں سے راجح کیا ہے اور کم از کم مسنون مہر کی رقم کیا بنتی ہے؟ 

میرے سوال کاخلاصہ یہ ہے کہ کیا اس دور میں ایک درہم چاندی کا سکہ 2.975 گرام وزن کے سکے کے برابر ہی تھا؟ اگر ایسا ہی ہے تو 500 درم کی مقدار 131.25 تولہ کیسے بنتی ہے؟ کیا اس انداز سے کیے گئے شمار پر مہر فاطمی کی تعین میں فرق سے صرف نظر کیا جائے یا نہیں؟

جواب

آپ کے سوال میں دو جگہ حساب کی غلطی ہے۔

پہلی یہ ہے کہ جب ایک گرام کی قیمت 94.32 روپے ہوگی تو اس وقت ایک تولہ کی قیمت 1100.14848 ہوگی،  اس لیے کہ ایک تولہ 11.664 گرام کا ہوتا ہے جب کہ آپ نے ایک تولہ کی قیمت 1050 بتائی ہے۔

دوسری یہ ہے کہ عہدِ صحابہ میں موجودہ زمانہ کے حساب سے ایک درہم کی مقدار 3.061 گرام تھی جب کہ آپ نے 2.975گرام ذکر کی ہے۔

ان دونوں  حسابات کی اصلاح کے بعد اگر ایک گرام چاندی کی قیمت 94.32 روپے ہو  اور پھر اس سے ایک درہم کی قیمت نکالی جائے تو  ایک درہم 288.71352 روپے کا ہوگا اور پھر مہر فاطمی نکالنے کے لیے جب اسے 500 میں ضرب دیا جائے تو مہرِ فاطمی کی مقدار 144,356.76 روپے بنے گی ۔

اور اگر ایک گرام چاندی کی مقدار 94.32روپے ہو اور اس سے ایک تولہ کی قیمت نکالی جائے تو ایک تولہ چاندی 1100.14848 روپے کی ہوگی اور پھر مہر فاطمی نکالنے کے لیے جب اسے 131.25 میں ضرب دیا جائے تو مہرِ فاطمی کی مقدار  144,394.488 روپے ہوگی۔

دونوں حسابات میں 37 اعشاریہ سات دو  آٹھ روپے کا فرق ہے۔  اور شاید اسی وجہ سے فقہاء کرام ’’تقریباً‘‘  کا لفظ ساتھ لگادیتے ہیں،  تاہم احتیاط اسی میں ہے کہ ان دونوں میں سے جو زیادہ مقدار ہو، اسے راجح قرار دیا جائے۔ فقط واللہ اعلم

اپنے مسئلے کی مزید تحقیق کے لیے درج ذیل لنک پر فتویٰ ملاحظہ کیجیے:

مہر فاطمی کے بارے میں سوال

اوزان کی مزید تحقیق کے لیے ملاحظہ ہو :

درہم اور دینار کی موجودہ زمانے کے حساب سے قیمت


فتوی نمبر : 144103200075

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں