بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

5 جمادى الاخرى 1446ھ 08 دسمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

یومِ عرفہ کسے کہتے ہیں؟ / اس سال پاکستان میں یوم عرفہ کس دن ہوگا؟


سوال

یوم عرفہ کسے کہتے ہیں؟  ۹  ذالحج کو یا عرفہ کے میدان میں حاجیو ں کے  اکٹھے ہونے کو؟

کچھ لوگ کہہ  رہے کہ پاکستانیوں کے لحاظ سے بھی یوم عرفہ  وہی ہے جو سعودی عرب میں ہے، یعنی  19 جولائی  2021 کو ہے اور اسی دن کے روزے  کی فضیلت ہے نہ کہ  یہاں کے حساب سے نو ذی الحجہ کی یعنی یعنی  20 جولائی کو؟

جواب

واضح رہے کہ نو ذی الحجہ کو ’یومِ عرفہ‘کہنے کی فقہاء نے تین وجوہات بیان کی ہیں:

1 ۔ حضرت ابراہیم کو آٹھ ذی الحجہ کی رات خواب میں نظر آیا کہ وہ اپنے بیٹے کوذبح کر رہے ہیں، تو ان کو اس خواب کے اللہ تعالی کی طرف سے ہونے یا نہ ہونےمیں کچھ تردد ہوا، پھر ۹ ذی الحجہ کو دوبارہ یہی خواب نظرآیا تو ان کو یقین ہو گیا کہ یہ خواب اللہ تعالی کی طرف سےہی ہے،  چوں کہ حضرت ابراہیم کویہ معرفت اور یقین ۹ ذی الحجہ کو حاصل ہوا تھا، اسی وجہ سے ۹ ذی الحجہ کو ’یومِ عرفہ‘ کہتے ہیں۔

2۔  نو ذی الحجہ کو حضرت جبرائیل  علیہ السلام نےحضرت ابراہیم  علیہ السلام کوتمام "مناسکِ حج" سکھلائے تھے، مناسکِ حج کی معرفت کی مناسبت سے ۹ ذی الحجہ کو ’یومِ عرفہ‘ کہتے ہیں۔

3۔  ۹ ذی الحجہ کو حج کرنے والے حضرات چوں کہ میدانِ عرفات میں وقوف کے لیے جاتے ہیں،تو اس مناسبت سے ۹ ذی الحجہ کو "یومِ عرفہ" بھی کہہ دیتے ہیں۔

مذکورہ اقوال سے معلوم ہوا کہ تسمیہ کے اعتبار سے’یومِ عرفہ‘   کو صرف وقوفِ عرفہ کے ساتھ خاص کرنا درست نہیں ہے، بلکہ یہ مختلف وجوہات کی بنا پر  ۹ ذی الحجہ کادوسرا نام ہے، لہٰذا یہ دن ہر ملک میں اپنی تاریخ کے اعتبار سے ہوگا،یعنی دیگر ممالک میں جس دن  ۹ ذی الحجہ ہوگی وہی دن ’یومِ عرفہ ‘کہلائے گا،  اور ہر ملک میں چاند کی تاریخ کے اعتبار سے عرفہ کا روزہ رکھا جائے گا خواہ اس دن سعودی عرب میں یومِ عرفہ نہ ہو۔

لہذا صورتِ  مسئولہ میں پاکستان میں نو ذی الحجہ  امسال 20 جولائی  2021 کو ہوگا، نہ کے سعودیہ کے اعتبار سے  19 جولائی کو۔

  مزید تفصیل کے  لیے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجیے:

عرفہ کے دن کا روزہ کس ملک کے حساب سے ہوگا؟

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144112200637

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں