بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قرضہ اور بیٹی کے رشتہ کے لیے وظیفہ


سوال

میں نارتھ ناظم آباد کے  فلیٹ میں آج سے چار سال پہلے شفٹ ہوئی تھی، فلیٹ اپنا ہے لیکن ہم پر قرضہ ہے جو ختم ہی نہیں ہوتا اور میری بیٹی 19 سال کی ہے، اس کے اچھے رشتہ کے لیے بھی بتا دیں، مجھے بے چینی رہتی ہے، برائے مہربانی کچھ بتائیں، مجھے قرضہ سے نجات چاہیے!

جواب

ہر قسم کی پریشانی اور قرض سے نجات حاصل کرنے کے لیے درج ذیل باتوں پر عمل کریں، ان شاء اللہ ان کی برکت سے اللہ تعالٰی قرض کے بوجھ سے خلاصی عطا فرمائیں گے:

1. سب سے پہلے گناہوں سے توبہ کریں اور استغفار کی کثرت کریں، استغفار کی کثرت سے مال واولاد میں ہرطرح کی خیروبرکت کا وعدہ قرآن کریم میں موجود ہے۔

فَقُلْتُ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ إِنَّهُ كَانَ غَفَّارًا (10) يُرْسِلِ السَّمَاءَ عَلَيْكُم مِّدْرَارًا (11) وَيُمْدِدْكُم بِأَمْوَالٍ وَبَنِينَ وَيَجْعَل لَّكُمْ جَنَّاتٍ وَيَجْعَل لَّكُمْ أَنْهَارًا (12) [سورة نوح:10-12]

ترجمہ: (اس سمجھانے میں) میں نے (ان سے یہ) کہا کہ تم اپنے پروردگار سے گناہ بخشواؤ، بے شک وہ بڑا بخشنے والا ہے، کثرت سے تم پر بارش بھیجے گا اور تمہارے مال اور اولاد میں ترقی دے گا اور تمہارے لیے باغ لگا دے گا اور تمہارے لیے نہریں بہا دے گا۔ (بیان القرآن)

2. خود یا گھر کے افراد اگر کسی اعلانیہ گناہ میں مبتلا ہیں، مثلاً مرد ڈاڑھی منڈاتے ہیں یا عورتیں شرعی پردہ نہیں کرتیں، تو ان گناہوں سے سچی توبہ کریں۔

3. نماز، روزے کی پابندی کریں۔

4.زکات واجب ہے تو وقت پر اداکریں۔

5. حسب استطاعت روزانہ کچھ پیسے صدقہ کیا کریں۔

6. سود اور ہر قسم کے حرام مال سے دور رہیں۔

7. درج ذیل دعا صبح و شام سات سات بار پڑھیں:

’’اَللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْهَمِّ وَالْحَزَنِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنَ الْعَجْزِ وَالْكَسَلِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنَ الْجُبْنِ وَالْبُخْلِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ غَلَبَةِ الدَّيْنِ، وَقَهْرِ الرِّجَالِ‘‘

8. درج ذیل دعا ہر فرض نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے پڑھیں، اگر پہاڑ کے برابر بھی قرض ہوگا تو اللہ تعالیٰ اس کی ادائیگی کا غیب سے انتظام فرمادیں گے، ان شاء اللہ:

’’اَللَّهُمَّ اكْفِنِي بِحَلَالِكَ عَنْ حَرَامِكَ، وَأَغْنِنِي بِفَضْلِكَ عَنْ مَّنْ سِوَاكَ‘‘

9. اچھے رشتے کے لیے اللہ تعالیٰ کے ان چار ناموں کو روزانہ 111 (ایک سو گیارہ) دفعہ پڑھ لیں تو بہتر ہے، ورنہ  جتنا ہوسکے  پڑھ لیں، اور اچھے رشتے کی دعا کرلیں:

يَا نَاصِرُ   يَا عَزِيْزُ   يَا مُغْنِيْ   يَا صَمَدُ

10. قرض اور پریشانی سے نجات کے لیے نبی کریم ﷺ کی بتلائی ہوئی مسنون دعائیں۔

  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144210200766

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں