ٹماٹر،سیب، انگور وغیرہ کی قیمتِ فروخت سے اخبار، کریٹ،کرایہ،کمیشن وغیرہ کا خرچ نکال کر زکاۃ ادا کی جائے گی یا کل رقم سے زکاۃ ادا کی جائے گی؟
اگر آپ نے مذکورہ چیزیں کاشت کی ہیں اور آپ کا سوال عشر کے حوالے سے ہے تو اس کا حکم یہ ہے کہ جو زمین سال کے اکثر حصے میں قدرتی آبی وسائل (بارش، ندی، چشمہ وغیرہ) سے سیراب کی جائے اس میں عشر یعنی کل پیداوار کا دسواں حصہ (دس فی صد) واجب ہو تا ہے، اورجو زمین مصنوعی آب رسانی کے آلات و وسائل مثلاً: ٹیوب ویل یا خریدے ہوئے پانی سے سیراب کی جائے تو اس میں نصف عشر یعنی کل پیداوار کا بیسواں حصہ (پانچ فی صد) واجب ہو تا ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ کھیتی کی تیاری میں جو اخراجات ہوتے ہیں، مثلاً: آب رسانی، مزدوری، کھاد وغیرہ انہیں آمدنی سے منہا نہیں کیا جائے گا، بلکہ مجموعی پیداوار میں سے عشر نکالنا ضروری ہو گا۔
لہذا صورتِ مسئولہ میں پھلوں اور سبزیوں کی جو کل پیداوار ہوگی اس سے عشر (دسواں حصہ)یا نصف عشر (بیسواں حصہ)نکالنا لازم ہے، یاانہیں فروخت کرکے پوری قیمت سے عشر یا نصف عشر ادا کیاجائے۔ سوال میں اخبار، کریٹ کرایہ وغیرہ کے اخراجات سے مراد اگر یہ ہو کہ ان اشیاء کی خریداری پیداوار کو منڈی تک پہنچانے کے لیے ہے، اور کرایہ سے مراد بھی پیداوار کو منڈی تک پہنچانے کا کرایہ ہو تو اس صورت میں یہ اخراجات منہا کرنا درست ہے۔ اور اگر ان اشیاء کی خریداری اور اخراجات منڈی تک پہنچانے کی بجائے پیداوار کو اس کے مقام سے اپنے پاس کسی جگہ محفوظ کرنے یا کسی اور مقصد کے لیے ہو، منڈی تک پہنچانا مقصود نہ ہوتو پھر یہ ان اخراجات کو منہا کیے بغیر عشر ادا کیا جائے گا۔
اور اگر آپ نے یہ چیزیں کاشت نہیں کیں، بلکہ ان کی تجارت کرتے ہیں تو زکاۃ کا سال پورا ہونے پر واجب الادا رقم منہا کرنے کے بعد جو نفع بچے گا اس کا ڈھائی فیصد بطورِ زکاۃ واجب ہوگا۔ فقط واللہ اعلم
اس سوال سے متعلق مزید تفصیل کے لیے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجیے:
عشر کی ادائیگی سے قبل اخراجات منہا کرنا
عشر کی ادائیگی میں پیداوار پر آنے والے اور منڈی تک لے جانے کے اخراجات منہا کرنے کی تفصیل
فتوی نمبر : 144108201969
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن