بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عید کی نماز کا طریقہ


سوال

میں عمان مسقط میں ہوں اور یہاں پر عید الفطر گھر میں پڑ ھنے کا حکم ہے، مہربانی کر کے گھر میں عید الفطر پڑھنے کا طریقہ بتا دیں!

جواب

صورتِ  مسئولہ میں اگر آپ مسقط شہر یا اس کے مضافات میں ہیں تو جہاں کم از کم دو مرد جمع ہوسکیں وہاں عید کی نماز کا وقت (یعنی اشراق کا وقت) داخل ہوجانے کے بعد امام دو رکعت نماز  بایں طورپڑھا ئے کہ پہلی رکعت میں امام اور مقتدی تکبیر تحریمہ کے بعد ہاتھ باندھ کر ثناء پڑھیں، پھر تین زائد تکبیرات کہیں، اور ہر تکبیر میں رفع یدین بھی کریں، تیسری تکبیر کے بعد ہاتھ  باندھ  کر امام تعوذ و تسمیہ اور سورہ فاتحہ اور کوئی سورت پڑھے، اس کے بعد رکوع سجود حسبِ معمول کرے، اور دوسری رکعت میں کھڑے ہوکر پہلے سورہ فاتحہ اور کوئی سورت پڑھنے کے بعد تین زائد تکبیرات کہے، اور سب رفع یدین بھی کریں، اس کے بعد چوتھی تکبیر رکوع کے لیے کہی جائے، بقیہ نماز حسبِ ادا کی جائے۔ 

عید  کی نماز ادا کرنے کے بعد امام منبر  یا زمین پر کھڑےہوکر  دو خطبے کہے، اگر خطبہ یاد نہ ہو تو دیکھ کر پڑھ لے، اور اگر دیکھ کر پڑھنا دشو ار ہو یا خطبہ دست یاب ہی نہ ہو تو حمد و صلاۃ کے بعد کچھ قرآنی آیات پہلے اور دوسرے خطبہ میں پڑھ لے۔

ملحوظ رہے کہ یہ حکم موجودہ اضطراری صورتِ حال کے لیے ہے، عام حالات میں عید کی نماز عیدگاہ یا بڑی جامع مسجد میں بڑے اجتماع میں ادا کرنا شرعاً مطلوب ہے۔

مزید تفصیل کے لیے دیکھیے:

لاک ڈاؤن کی وجہ سے عید کی نماز کیسے ادا کی جائے؟

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109203259

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں