بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر ، ربیع الثانی 1442ھ

نقدونظر ، ربیع الثانی 1442ھ


اشاعتِ خاص بیاد حاجی عبد الوہاب صاحب رحمہ اللہ 

مرتب: مولانا محمد ذوالکفل صاحب۔ زیرسرپرستی: مہتمم واہل شوریٰ جامعہ دارالتقویٰ، لاہور۔  صفحات:۶۷۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: جامعہ دار التقویٰ، متصل الہلال مسجد، چوبرجی پارک، لاہور
حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم  کے ارشاد کے مطابق سواونٹوں میں سے کوئی ایک باربرداری کے قابل ہوتا ہے، اسی طرح انسانوں میں سے بھی خال خال ایسے لوگ ہوتے ہیں جن کی زندگی قابلِ رشک، جن کی زندگی کا ایک ایک لمحہ آنے والوں کے لیے راہِ ہدایت اور راہنمائی کا ذریعہ اور سبب ہوا کرتا ہے، انہی میں سے ایک شخصیت، عصرِ حاضر کے مجددِ تبلیغ، حضرت مولانا محمد الیاس کاندھلوی قدس سرہٗ کے فیض یافتہ اور صحبت یافتہ حضرت الحاج بھائی عبد الوہاب صاحب نور اللہ مرقدہٗ تھے، جنہوں نے رائیونڈ میں بیٹھ کر پوری دنیا کی تبلیغی جماعتوں کی سرپرستی فرمائی ہے۔
زیرِ تبصرہ کتاب میں حاجی صاحب کے حالاتِ زندگی، احوال وآثار اور سیرت وکردار کا ایک عمدہ نمونہ تیار کرکے قارئین کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ اس اشاعتِ خاص کا بیڑا جامعہ دارالتقویٰ کے مہتمم مولانا اویس صاحب کی سرپرستی میں اہلِ شوریٰ کے ممبران نے اُٹھایا ہے اور بڑی خوبصورتی کے ساتھ اس ذمہ داری کو نبھایاہے۔ تبلیغ میں لگے ہوئے حضرات کے لیے یہ عظیم سوغات ہے، کیونکہ اس کتاب میں ایک ضخیم حصہ حضرت حاجی صاحبؒ کے ملفوظات کا بھی ہے، جن سے اس عظیم کام کے لیے ایندھن کا کام لیا جاسکتا ہے۔کتاب کا کاغذ ، ٹائٹل اور جلد بندی عمدہ ہے۔ 

مولانا عبید اللہ سندھی کے افکار اور تنظیمِ فکر ولی اللّٰہی کے نظریات کا تحقیقی جائزہ

مفتی محمد رضوان صاحب۔ صفحات:۴۱۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر:ادارہ غفران، راولپنڈی
اس کتاب میں فلسفہ و فکرِ ولی اللّٰہی اور مولانا عبید اللہ سندھیؒ کے متعلق اہلِ علم واہلِ افتاء کی آراء، تنظیمِ فکرِ ولی اللّٰہی کی حضرت شاہ ولی اللہ دہلوی قدس سرہٗ کی طرف نسبت کی حقیقت، مولانا عبید اللہ سندھیؒ کی طرف منسوب غیر معتدل وشاذ افکار پر کلام، مولانا عبید اللہ سندھیؒ اور تنظیمِ فکرِ ولی اللّٰہی سے متعلق متعدد اکابر اور اہلِ علم واہلِ قلم حضرات کی آراء، تحریرات اور فتاویٰ کو ایک خاص انداز میں جمع کیا گیا ہے۔ فارسی اور عربی عبارات کا حاشیہ میں اردو ترجمہ بھی کیا گیا ہے۔ کچھ نایاب مواد بھی اس میں شامل ہے، بطور خاص حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی، شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی، مولانا مناظر احسن گیلانی، مولانا ظفر احمد عثمانی، مولانا عبد الماجد دریابادی، مولانا سید ابوالحسن علی ندویؒ اور دیگر حضرات کے مضامین اس میں شامل ہیں۔ مطالعہ کا ذوق رکھنے والے احباب کے لیے یہ کتاب عظیم علمی تحفہ ہے۔

عالمِ خواب اور نبوی تعبیرات

تالیف: شیخ الحدیث حضرت مولانا قاری محمد ادریس ہوشیار پوری رحمہ اللہ ۔ صفحات: ۲۹۵۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ تالیفاتِ اشرفیہ، ملتان
حضرت مولانا قاری محمد ادریس ہوشیار پوری رحمہ اللہ  کی شخصیت اہلِ علم میں تعارف کی محتاج نہیں، اللہ تعالیٰ نے آپ سے قرآن کریم اور علمِ دین کی اشاعت کے لیے مختلف جہات میں کام لیا۔ آپؒ اپنے حصے کا کام کرکے اللہ تبارک وتعالیٰ کے ہاں پہنچ چکے ہیں۔ یہ اُن کی نئی تالیف ہے جس میں حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم  کے خواب، انبیاء سابقین علیہم السلام  کے خواب، حضرت ابوبکر صدیق، حضرت عمر فاروق، حضرت عثمان اور حضرت علی المرتضی  رضی اللہ عنہم  کے ساتھ ساتھ دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے خوابہائے مبارکہ اور نبوی تعبیرات اور آخر میں اسلام کی حقانیت اور عظمتِ صحابہؓ کے حیرت انگیز واقعات شامل کیے گئے ہیں۔

نورِ فلک درمسئلہ فدک

مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب۔ صفحات : ۲۴۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارہ اشاعت الاسلام، مانچسٹر، انگلینڈ۔ پاکستان میں ملنے کا پتا: صدیقی ٹرسٹ، المنظر اپارٹمنٹ، ۴۵۸، گارڈن ایسٹ، نزد لسبیلہ چوک، کراچی
زیرِ تبصرہ کتاب میں مسئلہ فدک پر جانشینِ رسول خلیفہ بلافصل سیدنا ابوبکرصدیق  رضی اللہ عنہ  کے خلاف کیے جانے والے ناپاک پروپیگنڈے کا عمدگی اور سلیقہ سے مدلل ومبرہن جواب دیا گیا ہے۔ صحابہ کرامؓ، تابعینؒ اور خود ائمہ اہل بیتؓ کے اقوال و احوال کی روشنی میں اس مسئلہ کو واضح کیا گیا ہے۔ نقلی اور عقلی دلائل سے مزین یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک جاندار تحریر ہے، جو پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

مالی تنازعات اور ان کا حل

مفتی منیر احمد صاحب۔ صفحات: ۱۷۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: ادارۃ المنیر، مرکز تعلیم وتربیت فاؤنڈیشن۔ ملنے کا پتا: جامعہ معہد العلوم الاسلامیہ، متصل جامع مسجد الفلاح، بلاک ایچ، شمالی ناظم آباد، کراچی
حضرت مولانا مفتی منیر احمد صاحب استاذ الحدیث جامعہ معہد العلوم الاسلامیہ، فاضل جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی موفق للخیر ہیں ، کئی کتب اور رسائل عوام الناس کی آگاہی اور راہنمائی کے لیے تالیف کرچکے ہیں۔ زیرِ تبصرہ کتاب ’’ مالی تنازعات اور ان کا حل ‘‘ ان کی نئی تالیف ہے۔ اس کتاب میں مالی تنازعات کے دینی اور دنیوی نقصانات، اسباب ووجوہات، فیملی بزنس کے معاملات، میراث، وصیت، شرکت، مضاربت، خرید وفروخت، کرایہ داری، بروکری کے معاملات جیسے موضوعات کا احاطہ کیاگیا ہے۔ کاروباری حضرات کے لیے یہ کتاب ایک بہترین راہ نما اور عمدہ سوغات ہے۔ ایک بار یہ کتاب ضرور پڑھنی چاہیے۔

رسائلِ مفتی محمودؒ

ترجمہ: قاری فیاض الرحمن علوی و مولانا ڈاکٹر عبد الحکیم اکبری۔ صفحات: ۲۰۴۔ قیمت: ۴۰۰ روپے۔ ناشر: مفتی محمود اکیڈمی، کراچی 
زیرِ تبصرہ کتاب میں حضرت مولانا مفتی محمود قدس سرہٗ کے فیض قلم سے عربی میں تحریر شدہ رسائل: ۱:- ’’التسہیل لأحکام الترتیل‘‘، ۲:- ’’زبدۃ المقال في رؤیۃ الہلال(مع فیصلہ علماء متعلقہ رؤیۃ الہلال)‘‘، ۳:- ’’المتنبیٔ القادیاني من ہو؟‘‘اور ان کا ترجمہ -جو قاری فیاض الرحمن علوی اور مولانا ڈاکٹر عبد الحکیم اکبری نے کیا ہے- شامل کیاگیا ہے۔ اللہ تبارک تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے بھائی فاروق احمد قریشی صاحب کو جو وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود مفتی محمود اکیڈمی کو نایاب اور عمدہ کتب کی طباعت سے مالا مال کرہے ہیں۔ زیرِ تبصرہ کتاب مفتی محمود اکیڈمی کی نئی اشاعت ہے۔ امید ہے کہ اہلِ ذوق حضرات اس کتاب کی قدر افزائی کریںگے۔
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین