بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

30 شوال 1445ھ 09 مئی 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر تبصرہ وتعارف

نقدونظر تبصرہ وتعارف

 

ملخص عمدۃ البیان في تجوید القرآن (مترجم بالأردیّۃ)

تالیف: شیخ مُقری محمد سعید فقیر الہروی الحسینی رحمۃ اللہ علیہ ۔ ترجمہ: مولانا محمد عمیر بن عبدالحمید بہاولپوری۔ طبع: اولیٰ ۱۴۲۲ھ۔ صفحات: ۱۵۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: وزارۃ العدل والشئون الاسلامیۃ والاوقاف، مملکت بحرین۔رابطہ نمبر برائے پاکستان: 03333684455
زیرِتبصرہ کتاب علمِ تجوید کے موضوع پر ہے، اصل کتاب عربی میں ہے، اس کے مؤلف جامعہ اشرفیہ لاہور اور جامعہ بنوری ٹاؤن کے قدیم فاضل اور حضرت بنوری  رحمۃ اللہ علیہ  کے شاگرد ہیں، جو ۱۹۷۳ء میں حرمِ مکی میں معہد تحفیظ القرآن میں مدرس رہے، بعد ازاں ۱۹۷۶ء سے رابطہ اسلامیہ حکومتِ بحرین کی دعوت پر بحرین میں علوم القرآن کے مدرس مقرر ہوئے ۔ مؤلف رحمۃ اللہ علیہ  علومِ تجوید کے ماہر تھے، پاکستان کے نامی گرامی اور جید قراء سے علم تجوید حاصل کیا تھا۔ مؤلف رحمۃ اللہ علیہ  نے اس کتاب کو انتہائی سہل اور عام فہم رکھنے کے لیے سوال وجواب کا انداز اختیار فرماکر گویا تجوید گھول کر پلادی ہے۔ نہ بہت زیادہ اختصار سے کام لیا جس سے فہم میں خلل ہو اور نہ ہی ایسی طوالت اختیار کی جس سے اکتاہٹ ہو۔ تفہیم وتسہیل کی غرض سے بعض ابحاث کے جدول اور نقشے بھی دیئے گئے ہیں۔ بعض الفاظ کے قرآنی رسم الخط کا فرق بھی تفصیلاً بیان کیا گیا ہے۔ علم تجوید پڑھنے پڑھانے والے علماء اور طلبہ کے لیے یہ کتاب ماشاء اللہ بہترین تحفہ ہے۔ عربی کتاب کو جامعہ فاروقیہ کراچی کے فاضل مولانا محمد عمیر بہاولپوری صاحب نے عمدگی کے ساتھ اردوقالب میں ڈھالا ہے۔ اور جامعہ بنوری ٹاؤن کے استاذ مولانا ناصر یونس صاحب نے اس کی عربی اور اُردو کی لفظی تصحیح اور پروف ریڈنگ کی ہے۔ ہماری گزارش ہے کہ تجوید سے شغف رکھنے والے قراء ،علماء اور طلبہ کو یہ کتاب ایک دفعہ ضرور پڑھنی چاہیے اور بغرضِ استفادہ مستقل اپنے پاس رکھنی چاہیے۔ 
معنوی خوبیوں کے ساتھ ساتھ کتاب ظاہری خوبصورتی سے بھی مزین ہے، ٹائٹل جاذب نظر ہے، طباعت دو رنگہ ہے، ڈیزائننگ اور سیٹنگ دیدہ زیب اور پُرکشش ہے۔ کاغذ اعلیٰ (آرٹ پیپر) ہے۔ جلدبندی مضبوط اور نفیس ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کو مقبولیتِ عامہ نصیب فرمائے، آمین

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین