بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

گھر سے چیزیں گم ہونا


سوال

میں جب بھی اپنی امی کے گھر آتی ہوں،  میری کچھ نہ کچھ چیزیں غائب ہوجاتی ہیں،  جیسے کہ پیسے، کپڑے، گولڈ وغیرہ، اور اگر میں اپنی چیزیں کسی کے گھر رکھوادوں تو وہاں محفوظ رہتی ہیں، امی کے گھر ایک دن پرس میں پیسے رہ جائیں تو  دوسرے دن کم ہوجاتے ہیں، میں بہت  پریشان ہوں، اس کی وجہ بتادیں؟ 

جواب

مذکورہ صورتِ حال میں  آپ کو چاہیے کہ جب اپنی امی کے گھر آئیں تو اپنے سامان کی حفاظت کریں، گھر میں موجود اور باہر سے آنے والوں  پر بھی نظر رکھیں، شک کرنے کے بجائے حفاظتی اقدامات کریں  کہ عمل سے پہلے تدبیر بھی ضروری ہے،  امید ہے کہ اسی سے آپ کی پریشانی دور ہوجائے گی۔  نیز  حفاظتی اعمال کا بھی اہتمام کریں، اس سے ہر قسم کی مخلوق کے شر سے حفاظت ہوگی، مثلاً:

1- گھر اور کمروں کے دروازے  نیز الماری، پرس وغیرہ (جہاں قیمتی اشیاء رکھتے ہیں) بند کرتے وقت بھی ’’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم‘‘  پڑھا کریں۔

2-  صبح وشام اور رات کو سوتے وقت اور رقم وغیرہ رکھتے وقت آیۃ الکرسی پڑھنے کا اہتمام کریں۔

3- صبح و شام کی دعائیں جو عام کتابچوں میں مل جاتی ہیں ان کا معمول بنالیں۔

4- قیمتی سامان جہاں بھی رکھیں وہاں کسی پرچی پر ’’فَاللهُ خَیْرٌ حَافِظًا وَّهُوَ أَرْحَمُ الرَّاحِمِیْنَ‘‘ لکھ کر رکھ دیجیے۔

5- والدہ کے گھر میں سورہ بقرہ کی قدرے آواز سے تلاوت کا معمول بنالیا جائے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012201967

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں