مجھے گناہ کا شدید اندیشہ ہے میرے لیے شادی کی دعا کریں اور مجھے شادی کے لیے کوئی دعا یا وظیفہ بھی بتائیں!
اگر اسباب اور وسائل میسر ہوں تو نکاح کے لیے کوشش کریں، گھروالوں کو اس کے لیے قائل کریں، گناہ میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہو اور نکاح کے اسباب اور وسائل بھی میسر ہوں اور کوئی مانع بھی نہ ہو تو نکاح کرنا واجب ہوجاتا ہے، لہذا جس قدر سادگی سے ہوسکے نکاح کرنے کی کوشش کریں۔ تکلفات سے اجتناب کریں، حدیث شریف میں ہے جس نکاح میں اخراجات کم ہوں اس میں برکت زیادہ ہوتی ہے۔
اگر اسباب اور وسائل میسر نہ ہوں یا کوئی اور پریشانی ہو تو اللہ سے صدق دل سے دعا کرتے رہیں اور کثرت سے مسلسل روزوں کا اہتمام کریں، نیز گناہوں سے بچنے کے لیے اور نکاح کے اسباب مہیا ہونے کے لیے پنچ وقتہ نمازوں کے اہتمام کے ساتھ درج ذیل اعمال کریں:
1۔ صدقِ دل سے نمازوں کے بعداورتہجد و غروب کے وقت دعا مانگیں، نیز نمازعشاء کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ ’’یاَلَطِیْفُ‘‘ پڑھ کراللہ تعالیٰ سے دعاکریں۔
2۔ یا نمازِ عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں 41 مرتبہ درج ذیل کلمات پڑھ کر دعا کیجیے:
’’وَمَنْ یَّـتَّقِ اللهَ یَجْعَلْ لَّه‘ مَخْرَجًا وًَیَرْزُقْهُ مِنْ حَیْثُ لَایَحْتَسِبْ وَمَنْ یَّـتَوَکَّلْ عَلَی اللهِ فَهُوَ حَسْبُه‘ ‘‘.
3۔ اللهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ الْهُدَى وَالتُّقَى، وَالْعَفَافَ وَالْغِنَى
4۔ اللَّهُمَّ اكْفِنِي بِحَلالِكَ عَنْ حَرَامِكَ، وَأَغْنِنِي بِفَضْلِكَ عَمَّنْ سِوَاكَ ، ان دعاؤں کے پڑھنے کا اہتمام کریں، ان شاء اللہ، اللہ تعالیٰ آسانی اور عافیت کا معاملہ فرمائیں گے ۔
5۔ صبح و شام ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق روزانہ اس مقصد کے لیے پڑھنا بھی مجرب ہے۔فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144008200803
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن