بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

گانا سنتے وقت کھانے پر اللہ کا نام لینا


سوال

اگر کسی شخص کے آ گے فلم دیکھتے ہوئے یا پھر گانا سنتے ہوئے کوئی کھانے، پینے  کی چیز آ جائے تو کیا فلم دیکھتے ہوئے یا پھر گانا سنتے ہوئے کھانے پر’’بسم اللہ‘‘ پڑ ھ سکتے ہیں؟

جواب

گانا سننا او رفلم دیکھنادونوں گناہِ کبیرہ اور سخت جرم ہیں،  قرآن وحدیث کی رو سے یہ دونوں فعل حرام ہیں ، قرآنِ کریم میں ہے :

﴿وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَشْتَرِي لَهْوَ الْحَدِيثِ لِيُضِلَّ عَنْ سَبِيلِ اللَّهِ بِغَيْرِ عِلْمٍ وَيَتَّخِذَهَا هُزُوًا أُولَئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ مُهِينٌ﴾

ترجمہ :اور کچھ لوگ وہ ہیں جو اللہ سے غافل کرنے والی باتوں کے خریداربنتے ہیں،تاکہ ان کے ذریعے لوگوں کو بے سمجھے بوجھے اللہ کے راستے سے بھٹکائیں اور اس کا مذاق اُڑائیں۔ان لوگوں کو وہ عذاب ہوگا جو ذلیل کرکے رکھ دے گا۔ [لقمان:6]

جمہور مفسرین کے نزدیک  اس آیت میں  ”لَهْوَ الْحَدِيثِ“سے مراد گانا بجانا ہے،جس کا سخت اور شدیدعذاب بیان کیا گیا ہے۔

حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما نبی کریمﷺکا یہ اِرشاد نقل فرماتے ہیں:"الْغِنَاءُ يُنْبِتُ النِّفَاقَ فِي الْقَلْبِ، كَمَا يُنْبِتُ الْمَاءُ الزَّرْعَ".

ترجمہ: گانا دل میں نفاق کواِس طرح پیدا کرتا ہے جیسے پانی کھیتی کو(بہت تیزی سے) اُگاتا ہے۔(شعب الایمان)

لہذا فلم دیکھنے،گانے سننےا ور اس طرح کے دیگر گناہوں سے توبہ لازم ہے، یعنی جو گناہ سابقہ زمانے میں ہوگئے ان پر دل سے پشیمان ہو، انہیں فوراً ترک کردے  اور آئندہ نہ کرنے کا عزم ہو۔

البتہ جو شخص گانا سن رہاہو یا فلم دیکھ رہاہو اور اس کے سامنے کھانا آئے اور وہ کھانے کی نیت سے کھانے پر اللہ کانام لے تودرست ہے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144004200029

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں