بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا خود عمل کیے بغیر دعوت دینا درست نہیں؟ ایک روایت کی تحقیق


سوال

ہمارے ہاں ایک حدیث زبان زد عام ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک عورت اپنے بیٹے کو لے کر آئی کہ یہ میٹھا کھانے سے باز نہیں آرہا ، آپ ﷺ اسے منع فرمائیں ، چوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نےخود اس دن میٹھا کھایا ہوا تھا ، اس لیے اسے اگلے روز لانے کوکہا،اس حدیث کی حقیقت کیا ہے؟

جواب

یہ روایت مختلف الفاظ میں زبان زد عام ہے، آپ نے سوال میں میٹھے کا ذکر کیا ہے ، جب کہ بعض لوگ اس کے بجائے ’’گڑ‘‘  کا تذکرہ کرتے ہیں، لیکن محققین کے نزدیک ایسی کوئی روایت کتبِ حدیث میں مذکور نہیں۔  ممکن ہے کہ یہ کسی بزرگ کا  واقعہ ہو، جسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب منسوب کردیا جاتا ہے۔  لہذا  کسی معتمد سند کے بغیر اس واقعہ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کرتے ہوئے حدیث کے طور پر بیان کرنا جائز  نہیں۔ نیز اس واقعہ سے  اخذ کیا جانے والا نتیجہ بھی قابلِ غور ہے، روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی بات پر خود عمل نہ کر پا رہا ہو ، تب بھی اس کے کرنے یا اس سے بچنے کی دعوت دی جاسکتی ہے، البتہ  زیادہ بہتریہی ہے کہ خود عمل کرتے ہوئے دعوت دی جائے۔

"عَنْ أَنَسِ  بْنِ مَالِكٍ قَالَ: قُلْنَا: يَا رَسُولَ اللَّهِ، لَانَأْمُرُ بِالْمَعْرُوفِحَتَّى نَعْمَلَ بِهِ، وَلَانَنْهَى عَنِ الْمُنْكَرِ حَتَّى نَجْتَنِبَهُ كُلَّهُ؟ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «بَلْ مُرُوا بِالْمَعْرُوفِ، وَإِنْ لَمْ تَعْمَلُوا بِهِ كُلِّهِ، وَانْهَوْا عَنِ الْمُنْكَرِ، وَإِنْ لَمْ تَجْتَنِبُوهُ كُلَّهُ»".
لَمْ يَرْوِ هَذَيْنِ الْحَدِيثَيْنِ عَنِ الْحَسَنِ إِلَّا عَبْدُ الْقُدُّوسِ بْنُ حَبِيبٍ، تَفَرَّدَ بِهِمَا وَلَدُهُ عَنْهُ ".(المعجم الأوسط : ٦/ ٣٦٥، رقم الحديث : ٦٦٢٨)

ترجمہ: حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول ﷺ! کیا ہم امر بالمعروف نہ کریں جب تک کہ خود عمل نہ کریں؟ اور نہی عن المنکر نہ کریں یہاں تک کہ خود مکمل اجتناب نہ کرنے لگیں؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: امر بالمعروف کرو، اگرچہ تم پوری طرح خیر اور بھلائی پر عمل نہ کرپاؤ، اور برائی سے روکو، اگرچہ برائی سے مکمل طور پر نہ بچ پاؤ۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012201501

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں