بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا حضرت عیسی و حضرت یحی علیہما السلام نے شادی نہیں کی تھی؟


سوال

کیا حضرت یحی و حضرت عیسی علیہما السلام نے شادی نہیں کی تھی؟  روایات میں کیا ملتا ہے؟

جواب

حضرت یحیٰ علیہ السلام کے نکاح کرنے یا نہ کرنے سے متعلق روایات میں ہمیں کوئی صراحت نہیں ملی، البتہ مستدرک حاکم میں حضرت کعب رضی اللہ عنہ کی ایک روایت ہے، جس پر علامہ ذہبی رحمہ اللہ نے سکوت اختیار کیا ہے،  (بعض نے اس کی سند کو "واہ"کہا ہے)اس میں ہے کہ

"کان یحیی بن زکریا سیدًا و حصورًا، و کان لایقرب النساء و لایشتھیھنّ و کان شابًّا حسن الوجه و الصورۃ ... الخ" 

 یہاں بھی  ان کے نکاح نہ کرنے پر کوئی صراحت نہیں ہے۔

تاہم اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ان کی ایک اعزازی صفت "حصور" کا ذکر کیا ہے، لفظ "حصور" کو راجح قول کے مطابق مفسرین نے مبالغہ کا صیغہ قرار دیا ہے ، جس کے معنیٰ "حد درجہ عورتوں سے خود کو روکنے والا " کے ہیں، اس سے ان کی شادی نہ کرنے کا اشارہ ملتا ہے۔ لیکن صریح طور پر ان کا نکاح کرنا یا نہ کرنا ہمیں تلاش کے باوجود معلوم نہ ہوسکا۔

اورحضرت عیسی علی نبینا وعلیہ السلام کے شادی کرنے یا نہ کرنے سے متعلق بھی کوئی ثابت شدہ روایت نہیں ملی ، البتہ ان کے دوبارہ نزول کے بعد  نکاح کرنے سے متعلق نعیم بن حماد رحمہ اللہ نے "کتاب الفتن" میں ایک روایت نقل کی ہے :

"قال: بلغني أنّ عیسیٰ ابن مریم، إذا قتل الدجال رجع إلی بیت المقدس، فیتزوّج إلی قوم شعیب ختن موسیٰ، و هم جذام، فیولد له فیهم، و تقیم تسع عشرة سنة لایکون أمیر و لا شرطي، و لا ملك."

اس کے ایک راوی یحیی بن سعید العطار ہیں جو کہ ضعیف ہیں۔ بہرحال اس روایت سے ان کے نزول دنیا کے بعد نکاح کرنے کا ذکر ملتا ہے ۔  فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم 


فتوی نمبر : 144007200394

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں