بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا اذان، تلاوت، کھانے کے دوران سلام کا جواب دے سکتے ہیں؟


سوال

 اذان کے دوران،  کھانا کھانے کے دوران یا قرآن کی تلاوت کے دوران سلام کرنا یا جواب دینا  کیا ٹھیک ہے؟

جواب

1-  زبان سے اذان کا جواب دینا مستحب ہے، اس لیے دورانِ اذان سلام نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اذان کا جواب دینا چاہیے، اور اگر کوئی سلام کرے تو دورانِ اذان سلام کا جواب دینا واجب نہیں ہے، البتہ اگر کوئی سلام کرے  تو دوسرا سلام کا جواب دے  سکتاہے یہ ممنوع نہیں ہے۔

2- فقہاءِ کرام  نے لکھا ہے کہ کھانا کھانے والے کو سلام کرنا مکروہ ہے، ہاں! اگر گزرنے والا بھوکا ہو  اور اس کو یہ معلوم ہو کہ اس کو کھانے پر بلا لیا جائے گا تو ایسی صورت میں سلام کرنا مکروہ نہیں ہے۔ اور کھانے والا اگر کھانے میں ایسے مصروف ہوکہ سلام کرنے کی صورت میں کھانے میں حرج ہو یا لقمہ حلق میں اٹک سکتاہو تو اسے سلام نہیں کرنا چاہیے، اس کے علاوہ حالت میں کھانے والا سلام کرسکتاہے، اس میں کراہت نہیں ہے۔

3- قرآنِ  مجید کی تلاوت کے دوران سلام کرنے سے مراد اگر خود تلاوت کرنے والے شخص کے سلام سے متعلق سوال ہے، تو اس کا حکم یہ ہے کہ تلاوت کرنے والے شخص کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ مقررہ مقدار تلاوت کرنے کے بعد سلام اور بات چیت کرے، تلاوت قطع کرکے درمیان میں سلام نہ کرے ، البتہ اگر وہ درمیان میں تلاوت روک کر سلام کرے تو اس میں کراہت نہیں ہے۔ اور اگر کسی دوسرے شخص کا تلاوت کرنے والے کو سلام کرنے سے متعلق سوال ہے تو اس کا حکم یہ ہے کہ تلاوت میں مصروف شخص کو سلام نہیں کرنا چاہیے، اور اگر کوئی سلام کرے تو اس پر سلام کا جواب دینا واجب نہیں ہے، اگر وہ چاہے تو جواب دے سکتاہے۔ 

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (6/ 415):

"(قوله: كآكل) ظاهره أن ذلك مخصوص بحال وضع اللقمة في الفم والمضغ، وأما قبل وبعد فلايكره؛ لعدم العجز، وبه صرح الشافعي، وفي وجيز الكردري: مر على قوم يأكلون إن كان محتاجاً وعرف أنهم يدعونه سلم وإلا فلا اهـ. وهذا يقضي بكراهة السلام على الآكل مطلقاً إلا فيما ذكره".فقط واللہ اعلم فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144004201514

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں