بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کمپنی کا قرض ہے جسے کمپنی تسلیم نہیں کررہی تو ادائیگی کی کیا صورت ہو؟


سوال

کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام درج ذیل مسئلے کے بارے میں:

1- میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کا ڈسٹری بیوٹر ہوں، میرا کمپنی سے سٹاک ایک خاص وضع کردہ طریقے کے مطابق آتا ہے، میری کمپنی کو پیمنٹس صرف ایک وضع کردہ طریقے سے ہوتی ہیں جس میں کمپنی میرے بینک اکاؤنٹ سے خود رقم اٹھا لیتی ہے۔ کمپنی نے کچھ عرصہ قبل کمپیوٹر سسٹم تبدیل کیا جس کے بعد میرے حساب کے مطابق، میں کمپنی کی کچھ رقم کا دین دار بن گیا، میں نے کمپنی کو مطلع کیا کہ حساب چیک کریں، کمپنی نے مجھے لکھ کر دے دیا کہ میں اس مخصوص رقم کا دین دار نہیں، لیکن کمپنی نے حساب کتاب کی کوئی تفصیل نہیں دی اور نہ ہی یہ لکھ کر دیا کہ اگر ایسی کوئی رقم ہے تو اس مخصوص رقم کو کمپنی نے معاف کیا، میرے حساب کے مطابق میں اس رقم کا ابھی بھی دین دار ہوں، میں نے کمپنی کے لوکل نمائندہ سے اس بات کا تذکرہ کیا تو اس نے کہا کہ اگر تھا تو ہم نے معاف کیا، لیکن میرے مطابق اس کے پاس معاف کرنے کا اختیار نہیں، معاف کرنے کی ای میل اسی بندے سے آنی چاہیے جس نے پہلے ای میل کی یا اس کے لیول کا بندہ، اس صورت میں اس رقم کو کیسے ادا کیا جائے؛ تاکہ قیامت میں اس کی پکڑ نہ ہو؟

جواب

  اگر آپ کو یقین ہے کہ کمپنی کے  کچھ بقایاجات آپ کے ذمے ہیں اور کمپنی سسٹم کی تبدیلی کی وجہ سے اسےمعلوم نہیں کرسکی تو آپ اپنا حساب کرکے کمپنی کو بتادیں کہ فلاں مد میں اتنی رقم آپ کے ذمہ ہے، اس کے بعد بھی اگر کمپنی معاف کردے (یعنی اس کے با اختیار افراد) تو آپ بری الذمہ سمجھے جائیں گے۔ اگر کوئی جواب نہ آئے تو پوری وضاحت کے ساتھ کمپنی کے نام منی آرڈر یا رقم ٹرانسفر کردیجیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143905200046

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں