بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

کم عمر بھابھی کے ساتھ اخلاقی رویے کا طریقہ


سوال

 ایک لڑکی اپنے بڑے بھائی کی بیوی کو کس طرح خطاب کرے، جب کہ بھائی کی بیوی چھ سال چھوٹی ہو؟ کیا یہ لڑکی اپنے بھائی کی بیوی کو بھابھی کہے یا اس کے نام سے پکارے؟ میری بھابھی کا اصرار ہے کہ اس کی عزت زیادہ ہے، اور میری بہن کو جب کہ وہ چھ سال بڑی ہے اس کے نام سے پکارتی ہے، جب کہ یہ بات میری بہن کو بری لگتی ہے جیسا کہ ہمارے ملک ہندوستان کے معاشرے کا رواج ہے۔میری والدہ وفات پا چکی ہیں، چنانچہ ہماری بھابھی کا اصرار ہے کہ جو بھائی اور بہن بڑے بھائی سے چھوٹے ہیں وہ سب بھابھی کا احترام کریں اور بھابھی کو اپنی ماں کا مرتبہ دیں جو کہ میرے خیال میں سراسر غلط ہے۔ شریعت کی روشنی میں ہمیں بتائیں کہ درست کیا ہے اور غلط کیا ہے؟ 

 

جواب

اخلاص پر مبنی اخلاق دوطرفہ قلبی  تعلقات پر مبنی ہوتے ہیں اور لگے بندھے قواعد وضوابط کے پابند نہیں ہوتے، جس طرح بڑی عمر والے کا احترام لازم ہے،اسی طرح بڑے رتبے اور منصب  والے کا احترام بھی ضروری ہے،   بڑی عمر کا احترام بڑے رتبے کا پابند نہیں، جس طرح بڑے رتبے والے کا احترام بڑی عمر کا پابند نہیں ہے، اگر یہ باتیں ملحوظ رہیں تو کم از کم معاشرتی رویوں کے اعتبار سے کسی شکوہ شکایت کا موقع کبھی نہیں ہوگا۔ اس تمہید کے بعد مذکورہ صورت میں آپ کی بہن بڑی عمر والی ہیں، تو بھائی کی بیوی پر لازم ہے کہ وہ بڑی عمر کا احترام کرے اور عرف ورواج کے مطابق ادب کا لحاظ رکھتے ہوئے ان کو خطاب کریں، جب کہ دوسری طرف بھابھی کا بھی ادب واحترام بڑے بھائی کی بیوی ہونے کی وجہ سے بہن پر لازم ہوگا اگرچہ عمر میں وہ چھوٹی ہیں۔ ہمارے معاشرے میں بھابھی کو جو ماں کا درجہ دیا جاتا ہے وہ اس پہلو سے ہے کہ بھابھی اپنے شوہرکے چھوٹے بھائی بہنوں کا خیال رکھے اور ان کی تربیت کی فکر کرے، اور ذاتی فائدے سے بالاتر ہو کر سوچے، لہذا بھابھی کو چاہیے کہ وہ اپنے ماں ہونے کے مرتبے کا لحاظ کرکے اپنے شوہر کےچھوٹے بہن بھائیوں کی ماں کی طرح فکر کرے، نہ یہ کہ اس منصب کا غلط فائدہ اٹھا کر ان کی تحقیر کرے یا ان پر نامناسب رویے سے اپنی بڑائی  جتائے۔


فتوی نمبر : 143705200003

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں