بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کسی اور کو بیٹی گود دی ہو تو اس کا میراث میں حصہ / ترکہ کے مکان پر تعمیر


سوال

1- ہم ماشاءاللہ 6 بھائی اور 6 بہنیں ہیں،  ایک بہن پیدائش کے بعد والد صاحب نے اپنے دوست کو دے دی تھی،  ان کی اولاد نہیں تھی،  اب وہ شادی شدہ ہے،  ہم سے ملنا جلنا کم ہے،  کیا اس کو بھی وراثت میں حصہ ملے گا؟

2- والد صاحب کے مکان میں دوسرے نمبر والے بڑے بھائی نے اپنی مرضی سے اپنا پیسہ لگایا گھر کو بنانے کے  لیے، سب نے اس کو منع کیا مگر اس نے تقریباً 25  لاکھ سے گھر دوبارہ  تعمیر کروا دیا،  اب والد صاحب کے انتقال کو تقریباً  4  سال سے زیادہ ہو گیا ہے،  وہ بھائی جس نے پیسے اپنی مرضی سے لگائے تھے،  وہ یہ کہتا  ہے  کہ مکان میں سے حصہ والد صاحب کی تعمیر والے مکان سے ملے گا اور جو ابھی مکان کی قیمت ہے اس پر فروخت کر کے والد صاحب کی تعمیر والے مکان کی قیمت سے سب کو حصہ ملے گا اور باقی قیمت وہ خود اپنے لیے رکھے گا، آپ کیا کہیں گے اس بارےمیں؟

جواب

1۔۔ مرحوم کی مذکورہ بیٹی کا میراث میں سے حصہ ہوگا۔

2۔۔ اگر دیگر ورثاء کے منع کرنے باوجود  اس نے اپنی مرضی سے مشترکہ مکان پر از خود تعمیر کرائی تو وہ اس کی طرف سے تبرع واحسان ہوگا، اور مذکورہ مکان کی موجودہ قیمت مکمل ترکہ شمار ہوگا، اور اگر اس نےاپنے لیے بنایا  ہو  تو اس کو  صرف اس تعمیر کے اکھڑے ہوئے  ملبے کی قیمت ملے گی اور مکان ترکہ میں تقسیم ہوگا۔

شرح المجلہ میں ہے:

’’تقسم حاصلات الأموال المشتركة في شركة الملك بين أصحابها بنسبة حصصهم‘‘.

( كتاب الشركة،رقم المادة: ١٠٧٣، ص: ٢٢، ط: دار الكتب العلمية)

وفیه أیضًا:

إذَا عَمَّرَ أَحَدُ الشَّرِيكَيْنِ الْمِلْكَ الْمُشْتَرَكَ بِإِذْنِ الْآخَرِ وَصَرَفَ مِنْ مَالِهِ قَدْرًا مَعْرُوفًا فَلَهُ الرُّجُوعُ عَلَى شَرِيكِهِ بِحِصَّتِهِ أَيْ أَنْ يَأْخُذَ مِنْ شَرِيكِهِ مِقْدَارَ مَا أَصَابَ حِصَّتَهُ مِنْ الْمُصْرَفِ."

(4/229،230،  المادہ: 1309، الباب الخامس، ط؛رشیدیہ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144104200406

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں