بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

ڈاڑھی کی سنیت


سوال

 داڑھی میں دین تو نہیں ہے، میرا سوال یہ ہے کہ کیا داڑھی کا رکھنا ضروری ہے اگرچہ یہ ایک سنت ہے، مگر کیا سنت کو پورا کرنا فرض ہے، اگر فرض ہے تو اسے سنت کیوں کہا جاتا ہے،  اگر سنت ہے تو اسے فرض کیوں کیا جاتا ہے؟  یہ معاشرے میں اور انسانوں کے اندر شرمندگی کا باعث کیوں بنایا جاتا ہے؟ امید ہے مثبت اور خوب صورت جواب ملے گا اور اصلاح ہو گی جواب کا انتظار رہے گا!

جواب

واضح رہے کہ ڈاڑھی رکھنا شرعاً واجب ہے حضور  صلی اللہ علیہ وسلم اور تمام صحابۂ  کرام نے اس کا اہتمام فرمایا اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ڈاڑھی رکھنے اور بڑھانے کی تاکید سے ہدایت فرمائی ہے اور تمام انبیائے کرام علیہم الصلوات نے ڈاڑھی رکھنے کا اہتمام فرمایا، کسی بھی پیغمبر سے ڈاڑھی نہ رکھنے کا ثبوت نہیں ملتا، لہٰذا سنتِ مؤکدہ سے بڑھ کر اس کا درجہ وجوب کا ہے باقی اس کو اس بناء پر سنت بھی کہا جاتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل بھی ہے، ڈاڑھی کو سنت کہنا بعینہٖ ایسا ہے جیسا کہ قربانی کو سنت ابراہیم علیہ السلام کہا جاتا ہے جبکہ قربانی کرنا واجب ہے، پس جب قربانی کو سنت ابراہیمی کہنے سے یہ قربانی واجب ہونے سے نہیں نکل جاتی اسی طرح ڈاڑھی کو سنت رسول کہہ دینے سے یہ واجب ہونے سے نہیں نکل جاتی، بلکہ اس کا منڈانا حرام ہی رہتا ہے، اس کو صرف سنت سمجھ کر وجوب کو نظر انداز کرنا یا اس کے حکم کو ہلکا سمجھنا بہت غلط بات ہے۔

مشکوٰۃ المصابیح میں ہے:

"وعن ابن عمر قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «خالفوا المشركين:  أوفروا اللحى وأحفوا الشوارب» وفي رواية: «أنهكوا الشوارب وأعفوا اللحى»."

(باب الترجل، ج:2، ص: 503، ط: دارالكتب العلمية)

صحیح مسلم میں ہے:

عن عائشة قالت: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: عشر من الفطرة: قص الشارب، وإعفاء اللحية، والسواك، واستنشاق الماء، وقص الأظفار، وغسل البراجم، ونتف الإبط، وحلق العانة، وانتقاص الماء.

(باب خصال الفطرة، ج:1، ص: 223، ط: داراحياء التراث العربي)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144104201057

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں