بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

چلتے ہوئے تعلیق طلاق کا حکم


سوال

 ایک شخص نے چلتے ہوۓ یہ جملہ کہا : "اگر میں  صائمہ سے شادی کروں تو اس کو طلاق،  اگر میں فلم دیکھوں"، تو کیا چلتے ہوۓیہ تعلیق صحیح ہو جاۓگی؟ نیز  کیافلم دیکھے بغیر نکاح کے بعد صائمہ پر طلاق واقع ہو جائے گی؟

جواب

واضح رہے کہ تعلیقِ  طلاق صحیح ہونے کے لیے  کتبِ فقہ و فتاویٰ میں کہیں یہ شرط مذکور نہیں ہے کہ تعلیق ایک جگہ بیٹھ کر کی جائے، لہذا چلتے ہوئے  جو تعلیق کی جائے گی وہ تعلیق بھی درست ہو گی، اب صورتِ مسئولہ میں مذکورہ شخص  نے جب یہ جملہ کہا:  "اگر میں صائمہ سے شادی کروں تو اس کو طلاق، اگر میں فلم دیکھوں" تو یہ جملہ کہنے سے تعلیق درست ہو گئی، البتہ یہاں مذکورہ شخص نے طلاق کو فلم دیکھنے کے ساتھ  بھی مشروط کیا ہے؛ لہٰذا اگر مذکورہ شخص صائمہ سے نکاح کرلیتاہے، لیکن فلم نہیں دیکھتا تو  طلاق واقع نہیں ہوگی۔ اور اگر صائمہ سے نکاح کے بعد فلم دیکھ لیتا ہے تو ایک طلاقِ رجعی واقع ہوجائے گی، عدت کے دوران رجوع کا حق ہوگا، اور آئندہ کے لیے دو طلاقوں کا حق باقی ہوگا۔ 

اور اگر اس نے  پہلے فلم دیکھی  پھر صائمہ سے  شادی کی تو  (جیساکہ سیاق سباق سے معلوم ہوتاہے کہ تعلیق سے در اصل اس شخص کا مقصود فلم دیکھنے سے باز آنا ہے، خواہ فلم پہلے دیکھے یا شادی کے بعد دیکھے؛ لہٰذا اس صورت میں جب کہ اس نے پہلے فلم دیکھی اور پھر شادی کی )  صائمہ سے نکاح کرتے ہی شرط پائے جانے کی وجہ سے اس پر طلاق واقع ہوجائے گی، اور چوں کہ طلاق قبل از خلوت ہے؛ لہٰذا یہ بائن ہوگی، اور آئندہ ساتھ رہنے کے لیے نیا مہر مقرر کرکے گواہوں کی موجودگی میں تجدیدِ نکاح کی ضرورت ہوگی، اور آئندہ کے لیے دو طلاقوں کا اختیار ہوگا۔ 

الفتاوى الهندية (1/ 420):

"ثم الشرط إن كان متأخرًا عن الجزاء فالتعليق صحيح وإن لم يذكر حرف الفاء إذا لم يتخلل بين الجزاء وبين الشرط سكوت ألا ترى أنّ من قال لامرأته: أنت طالق إن دخلت الدار يتعلق الطلاق بالدخول وإن لم يذكر حرف الفاء لما لم يتخلل بينهما سكوت."

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144210201230

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں