بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پوتے پوتیوں کا حصہ


سوال

دادا  کی جائیداد میں پوتے پوتیوں کا حصہ برابر ہوتا ہے کیا؟

جواب

واضح رہے کہ میت کی اولاد کی عدمِ موجودگی میں میت کے پوتے اور پوتیاں عصبہ ہوتی ہیں اور عصبہ کا مطلب یہ ہے کہ جن ورثاء کا حصہ مقرر ہے ان کا حصہ اُن کو دیے جانے کے بعد باقی ماندہ سارا حصہ عصبہ کو ملتا ہے،  لیکن عصبہ ہونے کی صورت میں ان  کا حصہ اُن کو برابری کے ساتھ   نہیں ملے گا، بلکہ لڑکوں کو دُگنا ملے گا  اور لڑکیوں کو لڑکوں کی بنسبت آدھا حصہ ملے گا۔

کسی مرحوم کے ورثاء میں پوتیاں  ہوں تو ان کے حصے میں کچھ تفصیل ہے:

1.  اگر ایک پوتی ہو  اور بیٹا بیٹی اور پوتا کوئی نہ ہو، تو اس کو ترکہ کا نصف ملے گا۔

2. اگر ایک سے زائد  پوتیاں ہوں   اور بیٹا بیٹی  اور پوتا کوئی نہ ہو تو   پوتیوں کو دو تہائی حصہ ملے گا اور سب میں برابر تقسیم ہوگا۔

3. ایک  یا ایک سے زیادہ پوتیاں ہوں اور ایک حقیقی بیٹی بھی موجود ہو  (اور بیٹا  یا پوتا کوئی نہ ہو) تو پوتیوں کو سدس یعنی چھٹا حصہ ملےگا، اور ان سب میں برابر تقسیم ہوگا۔

4. ایک  یا ایک سے زیادہ  پوتیاں ہوں  (اور کوئی پوتا نہ ہو) اور اُن کے  ساتھ  ایک سے زائد حقیقی بیٹیاں بھی موجود ہوں تو  پوتیوں کو کچھ نہیں ملے گا۔

5. ایک سے زیادہ پوتیاں ہوں اور اُن کے ساتھ ایک سے زائد حقیقی بیٹیاں بھی موجود ہوں،  (اور بیٹا کوئی موجود نہ ہو) لیکن پوتیوں کے ساتھ  اُن کے برابر کے درجہ میں یا اُن کے نیچے کے درجہ میں کوئی مذکّر  آجائے تو وہ اُن پوتیوں کو عصبہ بنالےگا اور اُن کے درمیان ”لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَيَيْنِ“کے ضابطہ کے مطابق ترکہ تقسیم ہوگا،یعنی لڑکے  (پوتے یا پڑپوتے) کو لڑکی  (پوتی) سے دوگنا حصہ دیا جائےگا، اور پوتی کو اس لڑکے کی نسبت آدھا۔

6. پوتے پوتیوں کے  ساتھ  کوئی  بیٹا بھی موجود ہو تو پوتے پوتیاں  سب محروم ہوجاتے ہیں، دادا کی جائیداد میں اُن کو کوئی حصہ نہيں ملے گا۔

بہتر ہوتا کہ جن  صاحب کا یہ مسئلہ ہے اُن کے تمام ورثاء سوال میں تفصیل سے  لکھ دیے جاتے؛ تا کہ تعیین کے ساتھ جواب دیا جاتا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144208201206

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں