بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ویڈیو لنک کے ذریعہ پڑھانا / گھر میں باہر کی چپل پہننا


سوال

1۔  آج کل کرونا وائرس کی وجہ سے اسکول اور کوچنگ سینٹرز بند ہیں،  ٹیچرز ہمیں آن لائن ویڈیو کالنگ کے  ذریعے پڑھانے کا کہہ رہے ہیں،  تصویر جوکہ جائز نہیں ہے، لہذا ہمارے لیے کیا حکم ہے؟ ایک عالم صاحب سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ گنجائش ہے، برائے کرم راہ نمائی فرمادیں!

2۔  میرے گھر کے کچھ افراد جو  چپل گھر میں پہنتے ہیں،  وہی باہر بھی پہن کر چلے جاتے ہیں،  پہلے  تو بیت الخلا  میں بھی وہی چپل استعمال کرتے تھے، میرے کہنے پر اب بیت الخلا  کی چپل الگ ہے، مگر روڈ پر پہننے والی چپل گھر میں پہن کر گھومتے ہیں،  جس کی وجہ سے ہمارے گھر کا کامن حصہ کافی گندا اور میلا ہوچکا ہے، اور گھر والے بھی اس حصہ کی صفائی پر توجہ نہیں دیتے،  کہ کیا فائدہ جب سب ہی چپل پہنتے ہیں، میں اس معاملہ میں شدید پریشان رہتا ہوں، کہ معلوم نہیں یہ حصہ پاک بھی ہے یا نہیں؟  آپ اس مسئلہ کا حل بتا دیں!

جواب

1۔ صورتِ مسئولہ میں آن لائن کلاس لینا اس صورت میں جائز ہوگا جب کہ کیمرے کا فوکس غیر جان دار اشیاء ( بورڈ، کتاب وغیرہ) پر ہو،  کیمرے کے سامنے آنا یا طلبہ کو کیمرے کے سامنے آنے کا کہنا جائز نہیں ہوگا۔

2۔ واضح رہے کہ جب تک چپل، جوتے پر ظاہری نجاست نہ لگی ہو، اس وقت تک اسے ناپاک قرار  نہیں دیا جا سکتا، اور محض سڑک پر چلنے کی وجہ سے بھی چپل، جوتا ناپاک نہیں ہوتے، بلکہ  چپل یا   جوتے کے تلوے پر اگر نجاست لگ بھی جائے،  اور سڑک پر چلنے کی وجہ سے نجاست کا اثر زائل ہوجائے، تو اس صورت میں بھی شرعاً اسے پاک قرار دیا جاتا ہے، لہذا صورتِ مسئولہ میں گھر کے جس مقام پر چپل پہن کر آنے کا رواج ہے، اس مقام کو اس وقت تک پاک ہی قرار دیا جائے گا، جب تک کہ کوئی ظاہری نجاست لگی چپل یا جوتا پہن کر کوئی اندر نہ آئے، پس شک میں پڑنے  کی ضرورت نہیں ہے، تاہم اولی یہی ہے کہ جوتا یا چپل گھر کے اندرونی حصہ میں نہ لائی جائیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144107200430

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں