بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

نگران اساتذہ کے لیے کھانے پینے کا حکم


سوال

۱۔ ہر سال میٹرک کے سالانہ امتحانات کا انعقاد بورڈ کرتا ہے اور مختلف سکولوں سے ان امتحانات پر بورڈ کی زیر نگرانی اساتذہ کی ڈیوٹی لگتی ہے اور اساتذہ کو یومیہ اجرت ملتی ہے جو امتحان کے کچھ مہینے بعد بورڈ والے یومیہ ڈیوٹی کا حساب لگا کر ان اساتذہ کو یکمشت معاوضہ دیتے ہیں۔ جب یہ اساتذہ کسی سکول میں ڈیوٹی کے لیے جاتے ہیں تو اس سکول کے سربراہ اپنے سکول فنڈ سے ان اساتذہ کو کھانا کھلاتے ہیں اور چائے وغیرہ پلاتے ہیں، لیکن بورڈ کی طرف سے اس سربراہ اور اسکول پر لازم نہیں ہے کہ ان اساتذہ کو کچھ کھلائے پلائے اور ڈیوٹی والے اساتذہ خود اس سکول والوں سے کھانے پینے کا مطالبہ بھی نہیں کرسکتے اور اس کھانے پینے کے عوض میں اساتذہ اس بات کے پابند بھی نہیں ہیں کہ اس سکول کے طلباء کے ساتھ امتحان میں ناجائز معاونت کریں گے تو یہ کھاناپینا ان اساتذہ کے لیے جائز ہے یا نہیں ؟

۲۔ہال میں نگران اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ تین گھنٹے دورانیے کے پرچے میں طلباء کو ہر ممکن جائز سہولت اور معاونت فراہم کریں اور کسی قسم کی نقل یا ناجائز طریقے کو استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں، اب  اساتذہ کے لیے ہال میں پورے تین گھنٹے چکر لگانا یا وقفے سے چکر لگانا یا بیٹھ کر کڑی نگرانی کرنے میں کون ساطریقہ درست ہے ؟ بعض کے نزدیک ہال میں پانچ دس منٹ بیٹھنا یا موبائل وغیرہ کا استعمال کرنا بھی جائز نہیں کیوں کہ بورڈ تین گھنٹے کا معاوضہ دیتا ہے ،اس میں کمی کرنا جائز نہیں ہے ۔

جواب

۱۔جائز ہے۔

۲۔نگرانی  سے مقصودیہ ہے کہ طلبہ کو جائز معاونت اورسہولت فراہم کی جائے اورامتحانی ضوابط  کی خلاف ورزی نہ ہونی دی جائے،یہ مقصد اگربیٹھ کرنگرانی کرنے سے اداہوتو درست ہے اور اگراس کے لیے چلت پھرت کی ضرورت ہوتوچکرلگانابھی ضروری ہے، بوقتِ ضرورت(مثلاً کسی سےضروری گفتگوکرنی ہو) موبائل فون کااستعمال جائزہے،بشرطیکہ اس کی وجہ سے مقصدفوت نہ ہوتا ہو، بلاضرورت موبائل کا استعمال نہ کیا جائے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143806200013

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں