بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

نکاح پڑھانے اور اسلام قبول کرنے سے متعلق ضروری امور


سوال

 1-نکاح پڑھانے میں ضروری باتوں کی راہ نمائی فرمائیں۔

2-کسی اور مذہب سےاسلام میں داخل ہونے کے لیے ضروری راہ نمائی فرمائیں۔

جواب

نکاح پڑھانے سے متعلق چند  ضروری امور مندرجہ ذیل ہیں:

  • شرعاً نکاح منعقد ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ایک ہی مجلس میں دوعاقل بالغ مرد یا ایک مرداوردوعورتوں کے سامنے ایجاب وقبول کرایاجائے۔
  • ایجاب وقبول دونوں کے لیے ماضی کے الفاظ استعمال کیے جائیں، ورنہ کم ازکم ایجاب وقبول میں سے ایک ماضی کے الفاظ کے ساتھ ہو۔
  • ایجاب وقبول کی مجلس میں لڑکا اور لڑکی دونوں موجود ہوں یا ان کے وکیل ہوں جو  اُن کی طرف سے ایجاب وقبول کریں۔
  • نکاح پڑھاتے ہوئے لڑکے اورلڑکی کا اصل نام مع ولدیت پکارا جائے جس سے ان کی مکمل شناخت ہوسکے۔
  • مہر (جوشرعاً معتبر ہو، اس )کا ذکر کیا جائے۔
  • خطبہ مسنونہ پڑھنے کا اہتمام کیا جائے۔

کسی اور مذہب سے اسلام میں داخل ہونے کے لیے دو کام ضروری ہیں:

  • سابقہ مذہب سے براءت کا اعلان کرنا۔
  • اسلام کو دل سے قبول کرتے ہوئے زبان سے اس کا اظہار کرنا۔

اس لیے جو شخص اسلام میں داخل ہونا چاہے اس سے سابقہ مذہب سے براءت کے کلمات کہلوائے جائیں، پھر کلمہ طیبہ اور کلمہ شہادت پڑھادیا جائے۔نیز اسلام کے بنیادی عقائد بھی اسے تلقین کردیے جائیں، جو سہولت کے لیے ایمانِ مفصل اور ایمانِ مجمل (کے مختصر الفاظ ) میں جمع کردیے گئے ہیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143905200022

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں