بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نصاب سے کم سونے اور معمولی نقد رقم کی صورت میں زکوٰۃ کا حکم۔


سوال

ہمارے ہاں ایک مولانا صاحب کا کہنا ہے کہ ساڑھے سات تولہ سے کم سونے کے زیورات پر زکاۃ فرض نہیں ہے، اگر چہ اس کے پاس نقدی کی شکل میں کچھ معمولی رقم موجود ہو۔ دو مختلف اموال نصاب کو ملا کر چاندی کے نصاب تک مال پہنچنے پر زکوۃ عائد کرنا مجتہد فیہ ہے جس پر عمل کرنے میں حرج ہے، کیونکہ اس زمانے میں اکثر خواتین کے پاس سونے کے نصاب سے کم اور چاندی کے نصاب سے زیادہ کی مالیت کا زیور تو ہوتا ہے لیکن ادائیگی زکوۃ کے پیسے نہیں ہوتے لہذا یہ قول متروک ہے۔

جواب

فقہاء کااس پراتفاق ہے کہ زکوۃ کے وجوب کے لیے وہ نصاب معیارہے جوانفع للفقراء ہو،یعنی جس میں فقراء کافائدہ زیادہ ہو۔

ملاحظہ ہوالاختیارلتعلیل المختارمیں ہے:

والتقويم بعرف المالية والنقدان في ذلك سواء فيخير . وعن أبي حنيفة : يقومها بما هو أنفع للفقراء ،

وهو أن يبلغ نصابا نظرا لهم .(1/120)

فتاوٰ عالمگیری میں ہے:

ولو ضم أحد النصابين إلى الأخرى حتى يؤدي كله من الذهب أو من الفضة لا بأس به لكن يجب أن يكون التقويم بما هو أنفع للفقراء قدرا ورواجا ، وإلا فيؤدي من كل واحد ربع عشره كذا في محيط السرخسي ۔(5/67،طبع بیروت)

مذکورہ بالاعبارات کی بناء پرعلماء نے لکھاہے کہ اگرنصاب سے کم سوناہواورضرورت سے زائدمعمولی رقم بھی موجودہوتو زکوۃ کی ادائیگی واجب ہے۔البتہ اگرعورت کے پاس یومیہ خرچ کی رقم موجودہواوروہ روزانہ خرچ ہوجاتی ہوضرروت سے زائدکچھ رقم نہ بچتی ہواس صورت میں اگرصرف سوناہواورنصاب سے کم ہوتوزکوۃ واجب نہ ہوگی۔

فتاویٰ رحیمیہ میں اسی طرح کے ایک سوال کے جواب میں مفتی عبدالرحیم لاجپوری رحمہ اللہ لکھتے ہیں:

''نقدپانچ روپیہ زائدازضرورت ہوتواورتین تولہ سوناہوتوزکوۃ اس لیے فرض ہوجاتی ہے کہ نقدرقم چاندی سونے کے حکم میں ہے،اورتین تولہ سونااورنقدپانچ روپے مل کرساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابرہوجاتے ہیں،اس لیے زکوۃ واجب ہوجائے گی''۔(7/156،دارالاشاعت)فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143707200012

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں