بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نابالغ بچوں کے اِحرام کے اَحکام اور حالتِ اِحرام میں سر یا پاؤں ڈھانپنا


سوال

کیا چار اور چھ سال کے بچے جو سمجھ  دار نہیں ہیں، نیز جو چار سال کا ہےاسے پیشاب پاخانے کی بھی سمجھ نہیں ہے،  ایسے دوبچوں کو اگر عمرے پر لے جائیں تو ان کے احرام کی کیا حالت ہو گی؟  کیا بڑوں کی طرح وہ کوئی بھی سلا کپڑا نہیں پہن سکتے،  مثلاً بنیان، موزے، یا سر ڈھانپنا وغیرہ  یا پھر ان بچوں کو سرے سے احرام کی چادریں نہ ہی پہنائی جائیں؟ کیا بالغ محرم  سردی سے بچنے کے لیے لحاف سےسر اور پاؤں ڈھانپ سکتا ہے؟ 

جواب

نا بالغ بچے دو طرح کے ہوتے ہیں: ایک سمجھ دار بچے جو خود نیت کر سکتے ہیں اور تلبیہ بھی پڑھ سکتے ہیں اور عمرہ کے افعال ادا کرنے کی سمجھ رکھتے ہیں؛  ایسے نابالغ بچوں کا حکم یہ ہے کہ وہ بڑوں کی طرح اپنی زبان سے نیت کر کے تلبیہ پڑھ کر احرام باندھیں گے، اور عمرہ کے جتنے افعال کرنے پر وہ قادر ہوں وہ تمام افعال اپنے ولی کے ساتھ مل کر خود ادا کریں گے اور جو افعال وہ خود ادا نہیں کر سکتے وہ ان کی طرف سے ولی ادا کرے گا، البتہ طواف کے بعد کی دو رکعت وہ خود ادا کریں گے، ولی ان کی طرف سے ادا نہیں کرسکتا۔

دوسرے ناسمجھ بچے جو نہ احرام کی سمجھ   بوجھ  رکھتے  ہیں اور نہ نیت کرسکتے ہیں اور نہ تلبیہ پڑھ سکتے ہیں؛ ان کے احرام و عمرہ  یا حج کا حکم یہ ہے کہ انہیں نہلا کر احرام کی دو چادریں لپیٹ دی جائیں اور لڑکی ہو تو احرام کے طور پر لباس تبدیل کیا جائے گا اس کے بعد اس کا والد یا ولی اس کی طرف سے نیت کر کے تلبیہ پڑھ لے، اس طرح وہ نا سمجھ بچہ/ بچی محرم شمار ہوگا/ ہوگی، اب ولی بچہ کو احرام کے ممنوعات سے بچاتا رہے اور حرم میں بچہ / بچی کو اپنے ساتھ لے کر عمرے کے تمام افعال ادا کرے، اور طواف اور سعی سے پہلے اپنی نیت کے بعد اپنے نا سمجھ بچہ / بچی کی طرف سے بھی طواف و سعی کی نیت کرے، اور اگر طواف اور سعی میں ناسمجھ بچہ/ بچی کو ساتھ نہیں رکھا تو اپنے طواف و سعی کے بعد اس کی طرف سے طواف و سعی خود ادا کرے، بہر صورت طواف کے بعد کی دو رکعت واجب الطواف ایسے نا سمجھ بچوں پر سے ساقط ہوجائیں گی، جس کی وجہ سے ان کی طرف سے دو رکعت ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

نیز ہر دو قسم کے بچوں کو ممنوعاتِ احرام سے بچایا جائے گا، تاہم اگر ان سے کوئی غلطی ہوگئی یا اپنا اِحرام کھول دیا یا خوش بو  لگالی وغیرہ وغیرہ تو اس پر کسی قسم کی جزا واجب نہیں ہوگی۔

نیز  بالغ محرم احرام کی حالت میں سردی سے بچاؤ کے لیے لحاف وغیرہ سے سر اور چہرہ نہیں ڈھانپ سکتا،  باقی جسم، بشمول پاؤں ڈھانپ سکتا ہے۔

’’فالمميز لايصلح النيابة عنه في الإحرام و لا في أداء الأفعال إلا فيما لايقدر عليه؛ فيحرم بنفسه و يقضي المناسك كلها بنفسه و يفعل كما يفعل البالغ‘‘. (غنية الناسك، باب الإحرام، فصل في إحرام الصبي، ص: ٨٣ ، ٨٤، ط: إدارة القرآن)

’’أما غير المميز فلايصح أن يحرم بنفسه؛ لأنه لايعقل ولايقدر التلفظ بالتلبية، و هما شرطان في الإحرام، كما مر، و كذا لايصح طوافه لاشتراط النية له أيضاً، بل يحرم له وليه، و الأقرب أولی ... و ينبغي للولي أن يجرده قبل الإحرام و يلبسه إزارا و رداء، و إذا أحرم له ينبغي أن يجنبه من محظورات الإحرام، ولو ارتكب محظوراً لا شيء عليهما، ويقضي به المناسك كلها، و ينوي عنه حين يحمله في الطواف، و جاز النيابة عنه في كل شيء إلا في ركعتي الطواف فتسقط‘‘. (غنية الناسك، باب الإحرام،فصل في إحرام الصبي، ص: ٨٣ ، ٨٤ ،ط: إدارة القرآن)  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144105200193

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں