بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

موبائل یا MP3 وغیرہ میں ریکارڈ شدہ تلاوت سننے کی وجہ سے سجدۂ تلاوت کا حکم


سوال

اگر آیتِ سجدہ کو ہم موبائل یا MP3 وغیرہ سے سن لیں تو اس کی وجہ سے سجدۂ تلاوت واجب ہوگا یا نہیں ؟

جواب

موبائل یا MP3 وغیرہ میں ریکارڈ شدہ تلاوت سننے کی وجہ سے سجدہ تلاوت واجب نہیں ہوتا ہے۔  اس کی وجہ یہ ہے کہ سجدۂ تلاوت کے وجوب کےلیے تلاوتِ صحیحہ کا ہونا ضروری ہے اور تلاوت کے صحیح ہونے کےلیے تلاوت کرنے والے کا باشعور اور متمیز(سمجھ دار) ہونا ضروری ہے،کیوں کہ صبی غیر متمیز(ناسمجھ بچہ) ، مجنون، طوطے یا صدا باز گشت وغیرہ سے آیتِ سجدہ سننے سے سجدۂ  تلاوت واجب نہیں ہوتا، چوں کہ ریکارڈ شدہ تلاوت جس آلے سے سنی جائے گی وہ  ایک لاشعور اور بے جان چیز ہے، اس وجہ سے اس پر آنے والی تلاوت تلاوتِ صحیحہ نہیں، اور جب تلاوتِ صحیحہ نہیں تو اس کے سننے سے سجدۂ تلاوت بھی واجب نہیں۔جیساکہ البدائع میں ہے:
"بخلاف السماع من الببغاء والصدى؛ فإن ذلك ليس بتلاوة، وكذا إذا سمع من المجنون؛ لأن ذلك ليس بتلاوة صحيحة؛ لعدم أهليته؛ لانعدام التمييز". (کتاب الصلاۃ،فصل بیان من تجب علیہ سجدۃ التلاوۃ:2/266)فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144106200729

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں