بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مسلمان و ہندو میں نکاح کیوں جائز نہیں ہے؟


سوال

ہندو لڑکے کا مسلمان لڑکی سے نکاح کیوں جائز نہیں؟

جواب

قرآن مجید میں اللہ رب العزت نے مسلمانوں کے لیے رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے کے سلسلہ میں خود احکامات نازل فرمائے ہیں، اور رشتہ کرنے کی شرائط میں سے پہلی شرط اسلام بیان فرمائی ہے، چناں چہ مسلمان مردوں پر کافر خواتین کو اور مسلمان عورتوں پر کافر مردوں کو حرام قرار دیاہے، ان کے درمیان باہمی نکاح کو بھی حرام قرار کردیا ہے، ارشاد ربانی ہے: ﴿لَا هُنَّ حِلٌّ لَّهُمْ وَلَا هُمْ يَحِلُّونَ لَهُنَّ ۖ ﴾(الممتحنة: ١٠)ترجمہ: " نہ وہ (مسلمان عورتیں) ان (کافر مردوں) کے لیے حلال ہیں، اور نہ ہی وہ (کافر) ان (مسلمان عورتوں) کے لیے حلال ہیں"۔ اور سورہ بقرہ میں ارشاد ہے: ﴿وَلَا تَنكِحُواْ ٱلْمُشْرِكَٰتِ حَتَّىٰ يُؤْمِنَّ ۚ وَلَأَمَةٌ مُّؤْمِنَةٌ خَيْرٌ مِّن مُّشْرِكَةٍۢ وَلَوْ أَعْجَبَتْكُمْ ۗ وَلَا تُنكِحُواْ ٱلْمُشْرِكِينَ حَتَّىٰ يُؤْمِنُواْ ۚ وَلَعَبْدٌ مُّؤْمِنٌ خَيْرٌ مِّن مُّشْرِكٍۢ وَلَوْ أَعْجَبَكُمْ ۗ أُوْلَٰئِكَ يَدْعُونَ إِلَى ٱلنَّارِ ۖ وَٱللَّهُ يَدْعُوٓاْ إِلَى ٱلْجَنَّةِ وَٱلْمَغْفِرَةِ بِإِذْنِهِۦ ۖ وَيُبَيِّنُ ءَايَٰتِهِۦ لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمْ يَتَذَكَّرُونَ ﴾(البقرة: ٢٢١) ترجمہ: "اور تم مشرک عورتوں سے نکاح مت کرو یہاں تک کہ وہ ایمان لے آئیں، اور مؤمنہ باندی زیادہ بہتر ہے مشرکہ عورت سے اگرچہ وہ (مشرکہ عورت) تمہیں پسند کیوں نہ ہو، اور تم (مسلمان عورتوں کا) نکاح نہ کراؤ مشرک مردوں سے یہاں تک کہ وہ ایمان لے آئیں، اور مؤمن غلام زیادہ بہتر ہے مشرک سے اگرچہ وہ (مشرک) تمہیں پسند کیوں نہ ہو، یہ (کفار) جہنم کی طرف بلاتے ہیں اور اللہ جنت اور بخشش کی طرف بلاتے ہیں اپنے حکم سے، اور اللہ اپنے احکام لوگوں کے لیے کھول کھول کر بیان کرتے ہیں تاکہ وہ نصیحت حاصل کریں"۔

ان آیات سے واضح طورپر معلوم ہوا کہ مسلمان اورہندو کانکاح جائز نہیں، اورایک مسلمان کے لیے اس قدر کافی ہے کہ اللہ تعالی نے اسے حرام قراردیا ہے۔ فقط و اللہ اعلم


فتوی نمبر : 143905200016

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں