بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

ماہنامہ بینات کا مختصر تعارف


سوال

میں بینات کاتعارف حاصل کرناچاہتاہوں ،براہ کرم مجھے بھیج دیں۔

جواب

”ماہنامہ بینات“جا معہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کاترجمان اورایک علمی، ادبی، دینی، اصلاحی ، تحقیقی اور فکری رسالہ ہے،جس کا اجراءجامعہ کے بانی ومدیرمحدث العصرعلامہ سیدمحمدیوسف بنوری(متوفی۱۳۹۷ھ بمطابق ۱۹۷۷ء)نے جمادی الاولیٰ ۱۳۸۲ھ بمطابق اکتوبر۱۹۶۲ءمیں کیا۔اورالحمدللہ یہ رسالہ یوم تاسیس سے آج تک ہر ماہ باقاعدگی سے شائع ہورہاہے۔جس میں اہل علم واہل قلم حضرات کے علمی، تحقیقی، تاریخی اور اصلاحی مضامین شامل اشاعت ہوتے ہیں۔

ماہنامہ  بینات کی اشاعت واجرا کامقصدنوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا، اسلام پر ہونے والے ملاحدہ وزنادقہ کے حملوں کا تعاقب اور آئے روز اٹھنے والے نت نئے فتنوں سے امت کو آگاہ کرنا ہے۔الحمدللہ ماہنامہ ”بینات“مختلف فتنوں کی سرکوبی،باطل نظریات کی تردیداورفرق باطلہ کے تعاقب میں ہمیشہ صف اول میں رہاہے۔ اس ماہنامے نے اسلام کی حمایت میں حق کاعَلم بلندرکھا  نیز ہر دور میں اعلاءکلمۃ اللہ ، اسلام کی نشرواشاعت اورامربالمعروف ونہی عن المنکر کافریضہ اداکرتارہا۔

ماہنامہ ”بینات“کی ایک خصوصیت اس کی خاص اشاعتیں بھی ہے۔ مختلف شخصیات ومواقع کی مناسبت سے الحمدللہ یہ ادارہ بارہ(۱۲) خاص اشاعتیں بھی شائع کرچکاہے۔مزیدبراں بینات کے صفحات پرگراں قدرمقالات کے علاوہ کئی عربی کتب کے اُردوتراجم بھی پیش کئے گئے ہیں۔

ماہنامہ بینات کے مدیران میں محدث العصرعلامہ سیدمحمدیوسف بنوریؒ (تاحیات سرپرست اعلیٰ رہے اور پہلے ”فکر ونظر“ اور پھر ”بصائروعبر“ کے نام سے اداریئے تحریرفرماتے رہے)،مولانامحمدعبدالرشیدنعمانیؒ،ڈاکٹر مولانا غلام محمدؒ(۱۳۸۳ھ-۱۳۸۴ ھ)،مولانامحمدادریس میرٹھیؒ،شہیداسلام مولانامحمدیوسف لدھیانویؒ،شہید ِ ناموسِ رسالت مولاناسعیداحمدجلال پوری رحمہم اللہ جیسے اکابرین شامل ہیں۔ماہنامہ”بینات“کو علمی و عوامی دونوں حلقوں میں یکساںمقبولیت حاصل ہوئی،اورپورے پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی شوق وذوق کے ساتھ پڑھاجانے لگا۔

بنیادی طورپرماہنامہ”بینات“کے عنوانات درج ذیل ہواکرتے ہیں:

۱:....بصائروعبر[ یہ عنوان اداریہ پر مشتمل ہوتا ہے جو بینات کے ابتدائی دور میں ”فکر ونظر“ سے موسوم تھا]

۲:....مقالات ومضامین [چند مخصوص مضامین (اداریہ، فتاویٰ، وفیات اور تبصروں) کے علاوہ تمام مضامین اسی سلسلے کے تحت شائع ہوتے ہیں]

۳:....یادِرفتگان [مختلف شخصیات کے سفرآخرت پران کی حیات وخدمات کاتذکرہ]

۴:....دارالافتاء[ اس سلسلے میں دارلافتاءجامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاو¿ن سے جاری ہونے والے اہم فتاویٰ میں سے کوئی ایک فتویٰ شائع ہوتا ہے]

۵:....نقدوتبصرہ[ اس میں مختلف کتب کا تعارف اور ان پرنقدوتبصرہ کیا جاتا ہے]فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143705200010

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں