بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ماں کے اقدامِ خود کشی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے جنین کا ضمان


سوال

اگر آٹھ مہینے کی حاملہ خاتون کے اقدامِ خودکشی کے نتیجے میں بچہ(جنین)ضائع ہوجائے تو عورت پر کیا لازم آئے گا؟

جواب

ایسی صورت میں ماں کی عاقلہ پر پانچ سو درہم ادا کرنا لازم ہوں گے، یعنی اگر اس عورت کا تعلق کسی سرکاری محکمہ یا تنظیم سے ہو اس محکمہ یا تنظیم پر مذکورہ رقم ادا کرنا لازم ہو گی، اور اگر اس عورت کا تعلق کسی ایسی تنظیم سے نہ ہو تو مذکورہ رقم اس کے عصبات پر ادا کرنا لازم ہو گی، عصبہ اس قریبی رشتہ دار کو کہتے ہیں جو خود بھی مرد ہو اور اس کے ساتھ رشتے کی نسبت میں سب مرد ہوں، کسی عورت کا واسطہ بیچ میں نہ آئے،  جیسے بیٹا، باپ، بھائی، چچا وغیرہ، ان پر دِیت وارث بننے کی ترتیب کے مطابق واجب ہو گی، یعنی پہلے بیٹوں پر پھر باپ دادا پر  پھر بھائی پر پھر بھتیجے پر  پھر چچاؤں پر پھر چچازاد بھائیوں پر۔

اور ایک درہم 3 اعشاریہ  0618 گرام کا ہوتا ہے تو اس حساب سے 500 درہم کی مقدار 1530 اعشاریہ 9  گرام چاندی بنتی ہے۔ خلاصہ یہ کہ ایسی عورت کی عاقلہ پر 1530 اعشاریہ 9 گرام چاندی یا اس کی قیمت ادا کرنا لازم ہو گی۔

واضح رہے کہ صاحبِ حق اگر دیت معاف کر دے تو دیت ساقط ہو جاتی ہے،  اور اس مسئلہ میں صاحبِ حق اس بچے کا باپ ہے ؛ لہذا  اگر بچے کا باپ دیت معاف کر دے تو دیت ساقط ہو جائے گی۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143908200467

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں