بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مائیکرو فنانئنس میں ملازمت


سوال

میں ایک مائیکروفنانس بینک میں جاب کر رہا ہوں،  میں یہ انفارمیشن لینا چاہتا ہوں کہ ہماری جو تنخواہ دی جاتی ہے ہمیں، اس میں سود شامل ہے یا نہیں؟ ہمارے مائیکروفنانس بینک میں لوگوں کو چھوٹا قرضہ دیا جاتا ہے،  بیس ہزار سے لے کر پچاس ہزار تک اور ان سے اوپر سروس چارج لیا جاتا ہے، آپ کی مہربانی تھوڑا سا گائیڈ کر دیں؛ کیوں کہ میں اس معاملے میں تھوڑا پریشان ہوں کہ یہ جائز ہے یا نہیں ہے؟

جواب

واضح رہے کہ کسی بھی معاوضہ کے جائز وناجائز ہونے کا مدار کسب وعمل کے جائز وناجائز ہونے پر ہوتا ہے، مذکورہ مائیکرو فینانس بینک اور مروجہ بینکوں کا طریقہ تمویل کئی سودی اور غیراسلامی معاملات پر مشتمل ہے اور ایسے اداروں میں ملازمت اختیار کرنا بھی شرعاً جائز نہیں ہے، اور اس سے حاصل ہونے والی تنخواہ بھی حلال نہیں؛ کیوں کہ بینک اپنے ملازمین کو تنخواہ سودی کمائی سے ادا کرتا ہے، نیز  بینک کی ملازمت میں سودی معاملات میں تعاون ہے، اس لیے بینک میں کسی بھی قسم کی ملازمت اور اس سے حاصل ہونے والی کمائی حلال نہیں۔

2: واضح رہے کہ ہماری معلومات اور تحقیقات کے مطابق جتنے بھی بینک پاکستان بھر میں کام کررہے ہیں، ان کے اکثر معاملات بشمول قرض کے لین دین کے سودی ہیں اور ان سے قرض لینا درست نہیں ہے۔

{ياأيها الذين اٰمنوا اتقوا الله وذروا ما بقي من الربوا إن كنتم مؤمنين، فإن لم تفعلوا فأذنوا بحرب من الله ورسوله}

ترجمہ: اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور جو کچھ سود کا بقایا ہے اس کو چھوڑ دو، اگر تم ایمان والے ہو، پھر اگر تم اس پر عمل نہیں کرو گے تو اشتہار سن لو جنگ کا اللہ کی طرف سے اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے۔ (البقرہ: 278، 279، بیان القرآن)

مشکاۃ المصابیح میں ہے:

"عن جابر رضي الله عنه قال: لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم آكل الربا وموكله وكاتبه وشاهديه وقال: «هم سواء». رواه مسلم". (ج:2، ص855، رقم الحديث: 2807، باب الربا، طبع: المكتب الإسلامي) فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144104201044

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں