بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قعدہ سے عاجز شخص نماز کے لیے صف میں کرسی کس طرح رکھے ؟


سوال

ایک شخص قیام اور سجدہ کرنے پر قادر ہے،  لیکن قعدہ کرسی پر بیٹھ کر کرتا ہے  گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے تو ایسا شخص جماعت کی نماز میں کس طرح کرسی رکھے گا؟  کیوں کہ اگر خود اپنی صف کے برابر کھڑا ہوتا ہے تو قعدہ میں صف سے پیچھے ہو گااور پچھلی صف میں جگہ باقی نہیں رہے گی؟

جواب

صورتِ  مسئولہ میں چوں کہ مذکورہ شخص قیام اور سجدہ پر قادر ہے،  اس لیے اس کے کرسی پر بیٹھ کر اشارہ سے رکوع وسجدہ کرکے نماز پڑھنا جائز نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ کھڑے ہوکر نماز شروع کرکے باقاعدہ رکوع اور سجدہ کرکے نماز ادا کرے،   البتہ چوں کہ مذکورہ شخص زمین پر سنت کے مطابق قعدہ میں بیٹھنے سے معذور ہے تو اس کے لیے سب سے بہتر تو یہ ہے کہ وہ زمین پر ہی جس طرح اسے سہولت ہو قعدہ میں بیٹھ جائے، مثلاً چار زانو ہوکر، یا پاؤں پھیلا کر وغیرہ، لیکن اگر اس سے تکلیف ہو تو  وہ قعدہ  کرسی پر بیٹھ کر ادا کرسکتا ہے۔

مذکورہ شخص اگر پہلی صف میں نماز ادا  کرے تو اسے چاہیے کہ وہ صف کے ایک کنارے  میں کرسی اس طرح رکھے  کہ  کرسی کے پچھلے پائے صف کے کنارے پر ہوں، اور اگر  صف مکمل نہ ہونے کی وجہ سے درمیان میں کرسی رکھنے کی نوبت آجائے تو بھی یہی طریقہ اختیار کیا جائے۔

اور اگر پہلی صف میں جگہ نہ ہو تو پچھلی صفوں میں نماز پڑھنے کی صورت میں اگر اتنی جگہ ہو کہ اگر وہ کرسی کے اگلے پائے صف کے ساتھ ملاکر رکھے تو پچھلی صف والوں کو سجدہ کرنے میں تکلیف نہ ہو تو  وہ کرسی اس طرح رکھ دے، اور اگر اتنی جگہ نہ ہو تو  بہتر یہی کہ صف کے کنارہ پر جس طرح سہولت ہو اسی طرح کرسی رکھ دے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144007200041

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں