بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 شوال 1445ھ 16 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قعدہ اولیٰ یا اخیرہ میں امام کے ساتھ شامل ہونے کی صورت میں التحیات(تشہد) پڑھنے کا حکم


سوال

جب امام قعدہ اولیٰ میں ہو اور اسی اثنا میں کوئی شخص آ کر اقتدا  کرے اور اس کے اقتدا کرکے بیٹھتے ہی، امام تیسری رکعت کے لیے کھڑا ہوجائے تو یہ مقتدی التحیات پوری کرے گا یا امام کے اتباع میں التحیات چھوڑکر کھڑا ہوجائے گا ؟ اس کا حکم فرائض اور تراویح دونوں میں یک ساں ہوگا ؟ اگر امام قعدہ اخیرہ میں ہو اور اسی اثنا میں کوئی شخص آکر اقتدا  کرکے التحیات کے لیے  بیٹھ جائے اور اس کے بیٹھتے ہی امام سلام پھیردے تو یہ شخص اپنی بقیہ نماز پوری کرنے کے لیے فوراً  کھڑا ہوجائے گا یا التحیات پوری کرنے کے بعد کھڑا ہوگا؟

جواب

قعدہ اولیٰ اور قعدہ ثانیہ بلکہ ہر قعدہ میں التحیات (تشہد) کا پڑھنا واجب ہے، چاہے فرض نماز ہو یا تراویح، لہٰذا اگر کوئی شخص پہلے قعدہ میں آکر امام کے ساتھ شامل ہوجائے اور اس کے التحیات مکمل پڑھنے سے پہلے ہی امام تیسری رکعت کے لیے  کھڑا ہوجائے یا کوئی شخص آخری قعدہ میں امام کے ساتھ نماز میں شامل ہوجائے اور اس کی التحیات مکمل ہونے سے پہلے ہی امام سلام پھیر دے تو دونوں صورتوں میں اس مقتدی کو چاہیے  کہ ذرا جلدی سے التحیات پڑھ کر پھر تیسری رکعت کے لیے یا بقیہ نماز کی تکمیل کے لیے کھڑا ہو، مذکورہ دونوں صورتوں میں التحیات چھوڑنا درست نہیں ہے، البتہ اگر کوئی التحیات چھوڑ کر کھڑا ہوگیا تو اگرچہ اس کا واجب چھوٹ گیا لیکن امام کی اقتدا میں ہونے کی وجہ سے اس کی نماز ہوجائے گی، اعادہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (1/ 466):

"(والتشهدان) ويسجد للسهو بترك بعضه ككله وكذا في كل قعدة في الأصح إذ قد يتكرر عشراً.

 (قوله: والتشهدان) أي تشهد القعدة الأولى وتشهد الأخيرة".

الفتاوى الهندية (1/ 90):

"إذا أدرك الإمام في التشهد وقام الإمام قبل أن يتم المقتدي أو سلم الإمام في آخر الصلاة قبل أن يتم المقتدي التشهد فالمختار أن يتم التشهد. كذا في الغياثية وإن لم يتم أجزأه".فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144007200422

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں