بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قسطوں پر خریداری کی صورت میں ایک قیمت کاتعین لازم ہے


سوال

1۔میں نے ایک ادارہ سے گاڑی قسطوں پہ لینے کے لیے 20٪ ڈاؤن پیمنٹ جمع کروائی۔ اور یہ بات طے ہوئی کہ گاڑی جس کی قیمت خرید 742000 روپے ہے، سات سالوں کے دورانیہ کے بعد 980000 روپے ہوجائے گی، اور یہ ادائیگی ماہوار 11200 روپے قسط کی صورت 84 اقساط میں ادا کرنی ہوگی،  اس ادارے کی یہ شرط ہے کہ اگر ان سات سالوں میں پیسے کی مارکیٹ قیمت تبدیل ہوئی تو ہمیں یہ حق حاصل ہے کہ ہم ماہوار قسط کی رقم اور 980000 روپے والی رقم تبدیل کر دیں گے۔

1: کیا اس شرط کے ساتھ مجھے گاڑی لینا جائز ہے؟

 2: اگر جائز نہیں ہے اور ادارہ  مجھے کہتا ہے کہ اب آپ کی گاڑی بک ہو چکی ہے اور یہ بکنگ کینسل نہیں ہو سکتی اور نہ ہی آپ کو آپ کی ڈاؤن پیمنٹ واپس مل سکتی ہے، آپ اس کو لینے کے پابند ہوں گے تو ایسی صورت میں کیا کرنا ہوگا؟

جواب

قسطوں پر گاڑی  کا لین دین (خواہ نقد کے مقابلے میں زیادہ قیمت پر ہی کیوں نہ ہو) درست ہے، بشرطیکہ کل قیمت اور اور ادھار کی کل مدت  متعین کردی جائے، اور گاڑی  کسی سودی ادارے سے نہ خریدی جائے، نیز قسط کی ادائیگی میں تاخیر پر اضافی رقم ادا کرنے کی شرط نہ ہو۔

صورتِ مسئولہ میں چوں کہ قسطوں پر خریداری کی صورت میں رقم بڑھادی گئی، اس حد تک تو معاملہ درست تھا، لیکن چوں کہ ادارے نے یہ شرط رکھی ہے کہ خرید و فروخت اور ایک ریٹ طے ہوجانے کے بعد کبھی بھی اس گاڑی کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، لہذا اس شرط کے ساتھ گاڑی لیناجائز نہیں ہے۔

2۔اس معاہدے کا ختم کرنا ضروری ہے، ورنہ اس معاہدے کے ساتھ خریداری کی صورت میں سائل گناہ گار ہوگا، نیز ادارے کا یہ رقم ضبط کرنا شرعاً ناجائز وحرام ہے۔ البتہ اگر ادارہ اس بات کا اختیار دے کہ قسط وار ادائیگی کی بجائے نقد رقم اداکرکے گاڑی خریدی جاسکتی ہے تو سابقہ ایگریمنٹ کینسل کرکے سائل کو از سرِ نو نقد والی صورت میں سودا کرلینا چاہیے؛ تاکہ سائل کی رقم بھی ضائع نہ ہواور غیر شرعی معاملہ سے بھی محفوظ رہ سکے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143908200029

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں