بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عبدالرحمن کو رحمن اور عبدالعظیم کو عظیم کہہ کر پکارنا


سوال

کسی عورت نے مجھے کہا ہے کہ آپ کے بیٹے کا نام عظیم ہے تواس کو عظیم ہی کہہ کر بلائیں عبدالعظیم کہہ کر نہ بلائیں، اور ایک کانام رحمن ہے تو رحمن کہہ کر ہی بلائیں عبدالرحمن نہ کہہ کر نہ بلائیں، کیونکہ یہ اللہ کے ذاتی نام نہیں ہیں بلکہ اللہ کے صفاتی نام ہیں، برائے مہربانی راہ نمائی فرمائیں، اور ان کو کیا دلیل دی جائے؟

جواب

عبدالرحمن کو رحمن  کہہ کر پکارنا درست نہیں، عبدالرحمن ہی  کہہ کر پکارناچاہیے،اسی نوعیت کے ایک سوال کے جوا ب میں مولانامحمدیوسف لدھیانوی شہید رحمہ اللہ لکھتے ہیں:

’’ عبد کا لفظ ہٹاکر اللہ تعالیٰ کے ناموں کے ساتھ بندے کو پکارنا نہایت قبیح ہے۔ اللہ تعالیٰ کے نام دو قسم کے ہیں:ایک قسم ان اسمائے مبارکہ کی ہے جن کا استعمال دُوسرے کے لیے ہو ہی نہیں سکتا، جیسے:اللہ، رحمن، خالق، رزّاق وغیرہ۔ ان کا غیراللہ کے لیے  استعمال کرنا قطعی حرام اور گستاخی ہے، جیسے کسی کا نام’’عبداللہ‘‘ہو اور’’عبد‘‘کو ہٹاکر اس شخص کو ’’اللہ صاحب‘‘کہا جائے، یا ’’عبدالرحمن‘‘کو’’رحمن صاحب‘‘ کہا جائے، یا ’’عبدالخالق‘‘ کو’’خالق صاحب‘‘ کہا جائے، یہ صریح گناہ اور حرام ہے۔ اور دُوسری قسم ان ناموں کی ہے جن کا استعمال غیراللہ کے لیے بھی آیا ہے، جیسے قرآن مجید میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو ’’روٴف رحیم‘‘ فرمایا گیا ہے، ایسے ناموں کے دُوسرے کے لیے بولنے کی کسی حد تک گنجائش ہوسکتی ہے، لیکن ’’عبد‘‘ کے لفظ کو ہٹاکر اللہ تعالیٰ کا نام بندے کے لیے  استعمال کرنا ہرگز جائز نہیں۔ بہت سے لوگ اس گناہ میں مبتلا ہیں اور یہ محض غفلت اور بے پروائی کا کرشمہ ہے۔ ‘‘(آپ کے مسائل8/269،ط:مکتبہ لدھیانوی)

اور محمد عظیم نام رکھنا اور عظیم کہہ کر پکارنا درست ہے تاہم اگر آپ اپنے بیٹے کا نام محمد عظیم کی بجائے عبدالعظیم رکھ لیں تو پھر عبدالعظیم ہی پکاراجائے گا۔(فتاوی محمودیہ 19/375،باب الاسماء ،ط:فاروقیہ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143811200001

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں