بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عبدالاحد نام بغیر عبد کے پکارنا


سوال

اگر ’’عبد الاحد نام بغیر ’’عبد‘‘ کے استعمال کیا جائے تو گناہ سننے والے اور کہنے والے دونوں کو ہوگا؟

جواب

’’احد‘‘اللہ تعالی کے صفاتی ناموں میں سے ایک نام ہے، اللہ تعالی کے علاوہ  عربي زبان ميں  دوسروں کے لیے اس کا استعمال  مجازًا ہوتا ہے، اس لیے اگر کسی کا نام ’’عبد الاحد‘‘ ہے تو اس کو عبد الاحد پورا  نام كهه كر پكارے۔

صرف  احد  پكارنا  درست نہیں، جان بوجھ کر ایسا کہنے والا  گناہ گار ہوگا۔ سننے والا اگر اسے منع کرسکتاہے، یا سمجھا سکتاہے اور پھر بھی خاموش رہے تو وہ قصور وار ہوگا، اگر اس موقع پر منع کرنا یا سمجھانا مناسب نہ ہو یا اختیار میں نہ ہو اس لیے خاموش رہے لیکن دل میں اسے غلط سمجھے تو گناہ گار نہیں ہوگا۔

حضرت مفتی محمد شفیع  صاحب رحمۃاللہ علیہ“معارف القرآن” جلد:۴ صفحہ:۱۳۲ میں لکھتے ہیں:

افسوس ہے کہ آج کل عام مسلمان اس غلطی میں مبتلا ہیں، کچھ لوگ تو وہ ہیں جنھوں نے اسلامی نام ہی رکھنا چھوڑ دئیے، ان کی صورت و سیرت سے تو پہلے بھی مسلمان سمجھنا ان کا مشکل تھا، نام سے پتا چل جاتا تھا، اب نئے نام انگریزی طرز کے رکھے جانے لگے، لڑکیوں کے نام خواتینِ اسلام کے طرز کے خلاف خدیجہ، عائشہ، فاطمہ کے بجائے نسیم، شمیم، شہناز، نجمہ، پروین ہونے لگے۔ اس سے زیادہ افسوسناک یہ ہے کہ جن لوگوں کے اسلامی نام ہیں: عبدالرحمن، عبدالخالق، عبدالرزّاق، عبدالغفار، عبدالقدوس وغیرہ ان میں تخفیف کا یہ غلط طریقہ اختیار کرلیا گیا کہ صرف آخری لفظ ان کے نام کی جگہ پکارا جاتا ہے، رحمن، خالق، رزّاق، غفار کا خطاب انسانوں کو دیا جارہا ہے۔ اور اس سے زیادہ غضب کی بات یہ ہے کہ “قدرت اللہ” کو “اللہ صاحب” اور “قدرت خدا” کو “خدا صاحب” کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ یہ سب ناجائز و حرام اور گناہِ کبیرہ ہے، جتنی مرتبہ یہ لفظ پکارا جاتا ہے اتنی ہی مرتبہ گناہِ کبیرہ کا ارتکاب ہوتا ہے اور سننے والا بھی گناہ سے خالی نہیں رہتا۔

فقط والله اعلم 


فتوی نمبر : 144112201628

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں