بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

طلاقِ بائن دینے کے بعد سسر سے طلاق کی نیت کے بغیر یہ کہنا: اگر آپ کو میری بات کا یقین نہیں تو اپنی بیٹی کو ہمیشہ کے لیے اپنے پاس رکھ لیں


سوال

ایک شخص نے طلاقِ بائن کے بعد بغیر نیتِ  طلاق اپنے سسر سے کسی بات پر یہ کہہ دیا کہ اگر آپ کو میری بات کا یقین نہیں تو اپنی بیٹی کو ہمیشہ کے لیے اپنے پاس رکھ لیں تو کیا اس صورت میں بھی زوجین میں طلاقِ بائن کی ہی نوعیت باقی رہے گی یا بدل جائے گی؟ 

وضاحت: طلاقِ  بائن ہفتہ کے روز صبح تقریباً  9 بجے ان الفاظ سے دی. "میں اپنی بیوی کو طلاقِ بائن دیتا ہوں. " اگلے دن بروز اتوار دوپہر تقریباً 3 بجے کسی بات پر اپنے سسر سے بات کرتے ہوئے بغیر نیت طلاق یہ بھی کہہ دیا: " اگر آپ کو میری بات کا یقین نہیں تو اپنی بیٹی کو ہمیشہ کے لیے اپنے پاس رکھ لیں"۔

جواب

صورتِ مسئولہ میں طلاقِ  بائن کے بعد سسر سے مذکورہ الفاظ کہنے کی وجہ سے مزید کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ہے، البتہ  (بروز ہفتہ) ’’میں اپنی بیوی کو طلاق بائن دیتا ہوں‘‘ کہنے سے ایک طلاقِ  بائن واقع ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے رجوع جائز نہیں رہا ہے،  تاہم باہمی رضامندی سے نئے مہر کی تعیین کے ساتھ  مذکورہ دونوں افراد تجدیدِ  نکاح کر سکتے ہیں،  نکاح کے بغیر ساتھ رہنا جائز نہیں، اور تجدیدِ  نکاح کی صورت میں آئندہ صرف دو طلاق کا حق ہوگا۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"الطَّلَاقُ الصَّرِيحُ يَلْحَقُ الطَّلَاقَ الصَّرِيحَ، بِأَنْ قَالَ: أَنْتِ طَالِقٌ، وَقَعَتْ طَلْقَةٌ، ثُمَّ قَالَ: أَنْتِ طَالِقٌ، تَقَعُ أُخْرَى، وَيَلْحَقُ الْبَائِنُ أَيْضًا، بِأَنْ قَالَ لَهَا: أَنْتِ بَائِنٌ، أَوْ خَالَعَهَا عَلَى مَالٍ، ثُمَّ قَالَ لَهَا: أَنْتِ طَالِقٌ، وَقَعَتْ عِنْدَنَا، وَالطَّلَاقُ الْبَائِنُ يَلْحَقُ الطَّلَاقَ الصَّرِيحَ، بِأَنْ قَالَ لَهَا: أَنْتِ طَالِقٌ، ثُمَّ قَالَ لَهَا: أَنْتِ بَائِنٌ، تَقَعُ طَلْقَةٌ أُخْرَى، وَلَا يَلْحَقُ الْبَائِنُ الْبَائِنَ". ( ١ / ٣٧٧) فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144103200097

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں