بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

طٰہ اور یٰس حروف مقطعہ میں سے ہیں یا آپ ﷺ کے نام ہیں ؟


سوال

طہ اور یس حروف مقطعات میں سے ہیں ان کو حضور صلی اللہ علیہ کے اسماءمبارکہ میں کس بنیاد پر شمار کیا جاتا ھے؟

جواب

یس اور طٰہ کے بارے محققین کے نزدیک راجح قول یہی ہے کہ یہ دونوں بھی حروف مقطعات میں داخل ہیں، جن کا معنی اللہ کے علاوہ کسی اور معلوم نہیں ہے،  البتہ ان دونوں الفاظ کی مفسرین سے اور بھی تفسریں منقول ہیں،

”یٰس“  لفظ کے بارے میں ابن عربی رحمہ اللہ  نے احکام القرآن میں نقل کیا ہے کہ امام مالک رحمہ اللہ  نے فرمایا کہ یہ اللہ کے ناموں میں سے ایک نام ہے،  اور حضرت ابن عباس سے بھی ایک روایت یہی ہے کہ اسماء آلٰہیہ میں سے ہے،  اور ایک روایت میں یہ ہے کہ یہ حبشی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں ” اے انسان “ اور مراد انسان سے نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہیں۔ اور حضرت ابن جبیر کے کلام سے یہ مستفاد ہے کہ لفظ یٰسین نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا نام ہے۔ روح المعانی میں ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا نام ان دو عظیم الشان حرفوں سے رکھنا، یعنی یا اور سین اس میں بڑے راز ہیں۔

اسی طرح  ”طٰہ“  لفظ کی تفسیر میں علماء تفسیر کے اقوال بہت ہیں۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے اس کے معنی ”یا  رجل“  اور ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہسے ”یا حبیبی“  منقول ہیں، بعض روایات حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ:  طٰہ اور یٰسٓ آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے اسماء گرامی میں سے ہیں۔

لیکن بےغبار بات وہ ہے جو حضرت صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور جمہور علماء نے فرمائی کہ جس طرح قرآن کی بہت سی سورتوں کے ابتداء میں آئے ہوئے حروف مقطعہ مثلاً الٓمّٓ وغیرہ متشابہات یعنی اسرار میں سے ہیں جن کو اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی نہیں جانتا لفظ طٰہ اور یٰس بھی اسی میں داخل ہے۔  (مستفاد از معارف القرآن ، مفتی محمد شفیع رحمہ اللہ)۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144107200754

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں