بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

صدقہ کا گوشت انسان، جانور اور پرندوں میں سے کس کو کھلانا زیادہ افضل ہے؟


سوال

گوشت کاصدقہ انسانوں، جانوروں یاپرندوں میں کس کوکھلاناافضل زیادہ ہے؟

جواب

انسان چوں کہ اشرف المخلوقات ہے،  اس  لیے نفلی صدقہ پر صرف کرنا زیادہ افضل ہے،  نیز انسان مکلف بھی ہے، یعنی اس کے اعمال پر اجر و ثواب بھی مرتب ہوتاہے، اس اعتبار سے بھی اس پر صدقہ کرنے میں زیادہ اجر ہوگا؛  کیوں کہ انسان پر صدقہ کرنے میں صدقے کے ثواب کے ساتھ ساتھ، جس پر صدقہ کیا گیا اسے صدقے سے جو تقویت حاصل ہوئی، اور اس کی مدد سے جو نیک عمل کیا اس میں صدقہ دینے والے کی بھی شرکت ہوگی۔

البتہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کسی جانور یا پرندے کو بھوکا دیکھنے کے باوجود اس کو کھانا یا چارہ نہ کھلایا جائے، بھوکے جانوروں یا پرندوں کو کھانا کھلانا بھی بڑے ثواب کا کام ہے۔   ایک بدکار عورت کی مغفرت صرف اس لیے ہوئی کہ اس نے ایک پیاسے کتے کو پانی پلایا تھا۔ 

اگر انسان اور جانور دونوں بھوکے ہوں اور کھانا کسی ایک کے لیے ہی پورا ہوسکتا ہو تو پھر انسان کو ہی کھانا کھلانا چاہیے۔ اسی طرح صدقاتِ  واجبہ  (زکاۃ، فطرہ وغیرہ) کسی جانور کو کھلانا جائز نہیں ہے۔

واضح رہے کہ بطورِ صدقہ جانور ذبح کرنے یا گوشت کا صدقہ کرنے کو ضروری یا دفعِ مصائب میں مؤثر سمجھنا درست نہیں ہے۔ ضروری سمجھے بغیر صدقہ کیا جائے تو اس کی اجازت ہے۔  تاہم موقع محل اور ضرورت کے اعتبار سے صدقے کی نوعیت اور مصرف کی ترجیح میں فرق آسکتاہے؛ اگر کسی جگہ نقد رقم یا اناج کی زیادہ ضرورت ہو وہاں جانور ذبح کرکے گوشت صدقہ کرنے کے بجائے وقتی ضرورت پوری کرنا زیادہ اجر کا باعث ہوگا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144103200392

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں