بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

شہنشاہِ خطابت کا لقب دینا


سوال

’’شہنشاہ‘‘  کا لقب کسی کو دینے کا کیا حکم ہے؟  جیسے کہ ’’شہنشاہِ خطابت‘‘.  حدیث میں آیا ہے کہ  ’’ملک الاملاک‘‘  کسی کو نہیں کہنا چاہیے وہ تو اللہ ہے. تو کیا شہنشاہ بھی اسی معنی میں ہے؟

جواب

کسی کا نام ’’شہنشاہ‘‘  رکھنا یا کسی کو مطلقاً ’’شہنشاہ‘‘   کے لقب سے پکارنا جائز نہیں.

حدیث شریف میں ہے:

"وعن أبي هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: أخنى الأسماء يوم القيامة عند الله رجل يسمى "ملك الأملاك". رواه البخاري . وفي رواية لمسلم: "قال: أغيظ رجل على الله يوم القيامة وأخبثه رجل كان يسمى "ملك الأملاك" لا ملك إلا الله".
ترجمہ: " اور حضرت ابوہریرہ  رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے نزدیک بدترین شخص وہ ہوگا جس کو  ’’شہنشاہ‘‘ کا نام دیا جائے۔ (بخاری)
اور مسلم کی روایت میں یوں ہے کہ آں حضرت ﷺ نے فرمایا:  قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے نزدیک مبغوض ترین اور سب سے بدتر وہ شخص ہوگا جس کو ’’شہنشاہ‘‘  کا نام دیا جائے،  یاد رکھو اللہ کے سوا کوئی بادشاہ نہیں۔

البتہ کسی کو اس  کی  اچھی  تقریر  کی وجہ سے ’’شہنشاہِ خطابت‘‘  کہنے کی گنجائش ہوگی، یہ تعریف میں مبالغہ ہے،  اس کا مطلب عمومی معنیٰ میں تمام بادشاہوں کا بادشاہ نہیں ہے، صرف خطابت کے اندر اسے بادشاہ قرار دیا جارہاہے، خلافِ حقیقت کسی کی تعریف کرنا اور کسی کے سامنے اس کی تعریف میں مبالغہ کرنا بھی شرعاً ممنوع ہے، لیکن اگر کوئی شخص واقعۃً بڑا خطیب ہو اور اسے اپنے فن کی مہارت کی وجہ سے ’’شہنشاہِ خطابت‘‘ کا خطاب دے دیا جائےتو اس کی گنجائش ہوگی، جب کہ مطلقاً ’’شہنشاہ‘‘ کا مطلب علی الاطلاق بادشاہوں کا بادشاہ ہے، اور یہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی شان ہے کہ وہ علی الاطلاق بادشاہوں کا بادشاہ ہے؛ لہذا کسی انسان کو ’’ شہنشاہ‘‘ (بادشاہوں کا بادشاہ ) کہنا جائز نہیں ہے، البتہ ’’شہنشاہِ خطابت‘‘ کہنے کی گنجائش ہے. فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012201758

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں