بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

شہد کے فوائد سے متعلق روایت


سوال

کیا کسی حدیث میں اس بات کا ذکر ہے کہ چاند کی ابتدائی تین تاریخوں میں نہار منہ شہد کھانے سے کئیموذی امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں؟

جواب

سنن ابن ماجہ کی روایت میں منقول ہے :

"عن أبي هريرة ، قال : قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : من لعق العسل ثلاث غدوات ، كل شهر ، لم يصبه عظيم من البلاء".

ترجمہ:"حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص ہر مہینے میں تین دن صبح کے وقت شہد چاٹ لیا کرے تو وہ کسی بڑی مصیبت میں مبتلا نہیں ہوتا "۔

اس حدیثِ مبارک  کی تشریح میں علامہ نواب قطب الدین خان دہلوی ؒ لکھتے ہیں :

"مطلب یہ ہے کہ شہد کی برکت و خاصیت سے بڑی مصیبت و بلا تک دفع ہو جاتی ہے خواہ وہ کسی سخت بیماری کی صورت میں ہو یا کسی اور صورت میں چہ جائے کہ کوئی چھوٹی مصیبت و بلا ہو۔"سفر السعادۃ"کے مصنف نے لکھا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم روزانہ ایک پیالہ میں شہد کو پانی میں ملا کر گھونٹ گھونٹ نوش فرماتے تھے۔ علماء نے لکھا ہے کہ شہد کو پانی میں ملا کر پینے سے حفظانِ صحت وہ نعمت حاصل ہوتی ہے جس کی معرفت کی راہ عارفین ہی جان سکتے ہیں۔ چنانچہ شہد کے جو بے شمار فوائد وخواص ہیں ان کی بنا پر اربابِ طب و تحقیق کا یہ فیصلہ ہے کہ شہد بلا شبہ ایک ایسی نعمتِ الہٰی ہے جس کا کوئی بدل نہیں ہو سکتا۔ جالینوس کا کہنا ہے کہ خاص طور پر بیماریوں کے لیے شہد سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے ۔ اطباء لکھتے ہیں کہ نہار منہ شہد کو پینا یا چاٹنا بلغم کو چھانٹتا ہے ۔ معدے کو صاف کرتا ہے لزوجت اور فضلات کو دور کرتا ہے، معدے کو اعتدال کے ساتھ گرمی پہنچاتا ہے اور سدوں کو کھولتا ہے ، علاوہ ازیں یہ جلندر ، استرخاء اور ہر قسم کے ریاح کو زائل کرتا ہے ، پیشاب، حیض اور دودھ کو جاری کرتا ہے مثانہ و گردہ کی پتھری کو توڑتا ہے اور رطوبت ردیہ کو دفع کرتا ہے "۔(مظاہر حق)

ابتدائی تین دنوں کی تخصیص سے متعلق کوئی روایت ہمیں نہیں مل سکی۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144004201065

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں