بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

سورۃ المائدہ آیت ۴۴کی روشنی میں پاکستان کا موجودہ نظام عدل کے بارے میں کیا حکم ہو گا؟


سوال

 پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جس کا قانون بھی اسلامی ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالی ہے و من لم یحکم بما انزل اللہ فاولئک ھم الکافرون۔ سورۃ المائدہ اس آیت مبارکہ کی روشنی میں پاکستان کا موجودہ نظام عدل اور تموم عدلیہ کے بارے میں کیا حکم ہو گا؟ کیا پاکستان میں احکام باری کے تحت فیصلے ہوتے ہیں؟

جواب

واضح رہے کہ خدا کے اترے ہوئے قانون کے مطابق فیصلے نہ کرنے کی دو صورتیں بنتی ہیں: پہلی صورت:ایسا منصف جو اسلام کا اقراری ہے، شریعت اسلامی کو برحق اور دوسرے نظاموں سے برتر سمجھتا ہے لیکن کسی مقدمے میں خواہش نفسی یا اقربا پروری کی وجہ سے خلاف شریعت فیصلہ کرتا ہے۔یعنی عقیدۃ ( ما انزل اللہ) کو ثابت مان کر عملا اس کے خلاف فیصلہ کرے تو اس صورت میں کافر سے مراد عملی کافر ہوگا یعنی اس کی عملی حالت کافروں جیسی ہے۔

دوسری صورت: ایسا شخص جو اختیارات کا مالک ہو، خدا نے اُسے اقتدار سے بھی نوازا ہو،، ان اختیارات کے باوجود وہ نہ صرف خدا کے نازل کردہ نظام کو رائج نہیں کرتا بلکہ اُسے یہ خیال تک نہیں آتا، نہ وہ اس کے لیے کوئی تگ ودو کرتاہے۔ وہ بدستور لوگوں پر انسان ساختہ قوانین کو نافذ رہنے دیتا ہے جو یا تو تمام تر یا بیشتر اسلام کے خلاف ہوتے ہیں  گویامنصوص حکم کے وجود ہی کا انکار کرے اور اس کی جگہ دوسرے احکام اپنی رائے اور خواہش سے تصنیف کرلے جیسا یہود نے کیا تھا تو ایسے شخص کے کافر ہونے میں کیا شبہ ہوسکتا ہے۔(ماخوذاز تفسیر عثمانی، المائدہ: ۴۴، ص: ۱۵۲)

اب اس کسوٹی پر مملکت پاکستان کے نظام عدل وقانون کو پرکھ لیا جائےتو بعض قوانین  توانتظامی نوعیت کے ہیں اور بعض اسلامی ہیں اور کچھ خلاف اسلام ہیں اورجو خلاف اسلام ہیں اس کی وجہ حکمرانوں کاکوئی دنیوی مفاد یا غیروں سے مرعوبیت یا ان کا دباؤ یا خواہش نفس وغیرہ ہیں اس لیے اسے ایک دوسری آیت: ومن لم یحکم بماانزل اللہ فاولئک ھم الفاسقون کہہ سکتے ہیں۔ واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143801200017

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں