بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

سسرال میں سسرالی رشتہ داروں سے پردہ کا طریقہ


سوال

سسسرال میں پردہ کا کیا طریقہ ہے، اور دیور یا جیٹھ  وغیرہ  کے ساتھ  ایک مجلس میں بیٹھنے کا کیاحکم ہے؟ اگر کسی کام سے بیٹھیں یا بغیر کام کے؟  اسی طرح شوہر کے دیگر رشتہ داروں کے سامنے چادر سے پردہ کرکے آسکتے ہیں؟

جواب

جو حکم دیگر نامحرموں سے پردہ کا ہے وہی  حکم دیور، جیٹھ یا شوہر کے دیگر ان رشتہ داروں کا بھی ہے جن سے پردہ واجب ہے، بلکہ  نبی کریم ﷺ سے جب دیور (وغیرہ) سے پردہ کا حکم دریافت کیاگیا تو آپ ﷺ نے  دیور کو موت سے تعبیر کیا (صحیح مسلم، باب التحریم الخلوۃ بالاجنبیہ والدخول، ج: ۷، ص: ۷، ط: دار الجیل بیروت  وغیرھا من کتب الاحادیث) یعنی موت سے جتنا ڈر ہوتا ہے اتنا ہی دیور اور جیٹھ وغیرہ سے  بھی ہے، خصوصاً جب کہ رہائش بھی ساتھ ہی ہو، تو ایسے مواقع پر پردہ کاحکم ختم نہیں ہوجاتا، بلکہ مزید احتیاط کا متقاضی ہوجاتا ہے۔

اب رہی یہ بات کہ مشترکہ خاندانی نظام میں عورت مستقل تو  برقع میں نہیں رہ سکتی  اور نہ ہی یہ ضروری ہے کہ مستقل چہرہ پر نقاب لگا کر رکھے، ایسے مواقع پر پردے کی  صورت یہ ہے کہ بغیر کسی بڑی چادر کے جس سے پورا جسم ڈھکا ہوا ہو سامنے نہ آیاجائے۔  بلا ضرورت بات چیت نہ کی جائے،  اگر کبھی کوئی ضروری بات یا کام ہو تو  آواز میں لچک پیدا کیے بغیر پردہ میں رہ کر ضرورت کی حد تک بات کی جائے۔   ایک مجلس   مٰیں یا پاس بیٹھنے کی  یا ہنسی مذاق  کرنے کی تو اجازت ہی نہیں،کبھی سارے گھر والے اکٹھے کھانے پر یا ویسے بھی  بٰیٹھے  ہوں تو خواتین ایک طرف اور مرد ایک طرف رہٰیں تاکہ اختلاط نہ ہو۔

نیز  گھر کے نامحرم مرد بھی اس کا اہتمام کریں کہ گھر میں داخل ہوتے وقت بغیر اطلاع کہ نہ داخل ہوں، بلکہ بتا کر یا کم ازکم کھنکار کر داخل ہوں، تاکہ کسی قسم کی بے پردگی نادانستگی میں بھی نہ ہو۔  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143805200011

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں