بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

25 شوال 1445ھ 04 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

روزے کا کفارہ


سوال

اگر 60 لوگوں کے جمع نہ ہونے کی وجہ سے ایک وقت میں ان کو کھانا نہ کھلا سکے تو کیا کسی ایک کو اتنی رقم دے سکتے ہیں؟  ایک روزے کے کفارے کی کیا رقم ہے؟

جواب

اگر بیک وقت 60 مساکین کسی جگہ میسر نہ ہوں تو ایک ہی مسکین کو 60 دن تک دو وقت کا کھانا کھلانے یا اس کی رقم دینے سے بھی کفارہ ادا ہوجائے گا،  اسی طرح اگر ایک سے زائد مساکین کو کھلاسکتاہے، مثلاً 10 مساکین موجود ہیں تو انہیں 6 دن دو وقت کا کھانا یا اس کی قیمت دینے سے بھی کفارہ ادا ہوجائے گا۔  البتہ ایک دن میں جتنی بھی رقم (مثلاً: 60 مساکین کے دو وقت کھانے کی قیمت) ایک شخص کو دی تو وہ ایک ہی مسکین کے کھانے کی ادائیگی سمجھی جائے گی،  اس لیے 60 سے کم مساکین ہونے کی صورت میں یک مشت نہ دے۔
رمضا ن المبارک کا وہ ادا روزہ جس کی نیت صبح صادق سے پہلے کرلی ہو، اگر وہ کسی شرعی عذر کے بغیر توڑ دیا تو اس کی قضا بھی لازم ہوتی ہے اور کفارہ بھی، ایک روزے کا کفارہ یہ ہے کہ مسلسل دو مہینے  کے روزے رکھے،  درمیان میں ایک دن بھی روزہ نہ رکھا یا رکھ کر توڑ دیا یا عید کا دن آگیا تو کفارہ ادا نہیں ہوگا، از سرِ نو دو ماہ کے روزے رکھنے ہوں گے، البتہ عورت کفارے کے روزے رکھ رہی ہو تو وہ ایام میں روزے نہ رکھے، اس کے متصل بعد بلاناغہ شروع کردے۔ اور جس میں روزوں کی طاقت نہ ہو تو ساٹھ مسکینوں کو دو نوں وقت کھانا کھلائے۔ اور ایک مسکین کے دو وقت کھانے کا اندازا تقریباً پونے دو سیر گندم یا اس کی قیمت ہے، جو صدقہ فطر کی مقدار ہے۔ 2019ء میں کراچی اور اس کے مضافات میں اس کی قیمت 90 روپے تھی، یعنی رواں سال ایک روزے کے کفارے کی قیمت 5400 روپے پاکستانی بنے گی۔

"ولو أباحه کل الطعام في یوم واحدٍ دفعةً أجزأ عن یومه ذلك فقط اتفاقًا، وکذا إذا ملکه الطعام بدفعات في یوم واحدٍ علی الأصح، ذکره الزیلعي لفقد التعدد حقیقةً وحکمًا".  (الدر المختار مع الشامية، کتاب الطلاق / باب الکفارة ۵ ؍ ۱۴۵ ) فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144010201103

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں