بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رمضان کے روزے میں ہم بستری کرنے کی صورت کفارے کا حکم نیز کفارے کے روزوں میں حیض کی وجہ سے روزے نہ رکھنے کا حکم


سوال

میاں بیوی نے روزے کی حالت میں ہم بستری کی، روزہ بھی فرض تھا، ابھی اس پر قضا اور کفارہ واجب ہے، کیا یہ کفارہ صرف ساٹھ روزے رکھنے سے ہی ادا ہوتاہے یا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانے سے بھی ادا ہوجائے گا؟ عورت تو  مسلسل ساٹھ روزے نھیں رکھ سکتی ہے؛ کیوں کہ عورت کو مہینہ میں ایک بار حیض آتا ہے تو عورت روزوں کے ذریعہ کفارہ کیسے ادا کرے گی؟

جواب

رمضان میں فرض روزے کے دوران ہم بستری کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے جب کہ اس روزے کی نیت صبح صادق سے پہلے کرلی ہو۔ اور اس روزے کی قضا بھی لازم ہوتی ہے اور کفارہ کے طور پر ساٹھ روزے مسلسل رکھنے بھی لازم ہوتے ہیں۔ البتہ عورت اگر ساٹھ روزے رکھتے ہوئے درمیان میں کچھ دن حیض آنے کی وجہ سے روزے نہ رکھ پائے تو اس سے تسلسل نہیں ٹوٹے گا، یعنی ساٹھ روزے رکھنے کے دوران جس دن حیض آجائے اس دن سے روزہ رکھنا چھوڑ دے اور جس دن حیض آنا بند ہوجائے اس کے اگلے دن سے دوبارہ روزے رکھنا شروع کردے، حیض کے علاوہ کسی اور وجہ سے وقفہ کیے بغیر اگر عورت ساٹھ روزے رکھ لے تو اس کا کفارہ ادا ہوجائے گا۔ چوں کہ عورت کو حیض آنا طبعی اور شرعی عذر ہے، اور یہ ہر ماہ اسے لاحق ہوتاہے، اس لیے شریعت نے اس کی وجہ سے دو ماہ کے روزوں میں آنے والے وقفے کو معاف قرار دیا ہے، اس کے علاوہ کسی اور بیماری کی وجہ سے روزہ نہ رکھ سکے اور ایک دن بھی وقفہ ہوجائے تو از سرِ نو  دو ماہ کفارے کے روزے رکھنے ہوں گے۔

جو مرد یا عورت روزہ رکھنے پر قادر ہو اس کا کفارہ روزہ رکھنے سے ہی ادا ہوگا، البتہ جو مرد یا عورت کسی مستقل یا دائمی بیماری یا شدید ضعف کی وجہ سے روزے رکھنے پر قادر نہ ہو تو پھر اس کا کفارہ ساٹھ مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلانے سے بھی ادا ہوجائے گا، لیکن بلا عذر صرف ہمت نہ کرنے کی وجہ سے ساٹھ مسلسل روزے رکھنے کے بجائے ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانے سے کفارہ ادا نہیں ہوگا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144104200353

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں