بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 شوال 1445ھ 16 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رزق میں برکت اور قرض سے نجات کے لیے وظیفہ


سوال

میں 6 یا 7 سال سے اپنا کاروبار کرہاہوں پرنٹنگ کا، کچھ سالوں سے میرے اوپر قرضہ چڑھا  ہوا ہے  جو کہ کچھ میری کوتاہی تھی اور کچھ چیزوں میں نقصان ہوا۔کافی روحانی عاملوں سے مل چکا ہوں اور کافی عمل بھی کیے  ہیں ۔کاروبار چل رہا ہے، لیکن آمدن اتنی ہی ہوتی ہے  جس سے میرے گھر کی ضروریات پوری ہوتی ہیں، لیکن قرض وہیں کے وہیں ہیں، کم ہونے کا نام نہیں لے رہے، کچھ وقت سے کافی تنگ کررہے ہیں قرض دار۔کوئی راہ نمائی فرمادیجیے!

جواب

 اللہ تعالیٰ کی ذات سے مایوس نہ ہوں،  ہر تکلیف و آزمائش اور سہولت وخوشی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے،  اس لیے پریشانیوں اورمصائب کا حل  اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا، اللہ تعالیٰ کی طرف توبہ و استغفار کے ذریعے بھی متوجہ ہوں اور اپنے مسائل کا حل اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیجیے،  اور اللہ تعالیٰ کو اپنے مسائل کے حل کا وکیل بنادیجیے، اللہ تعالیٰ کبھی آپ کا سہارا نہیں چھوڑیں گے۔ عاملوں کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے، اس سے اللہ تعالیٰ کی ذات پر ایمان اور یقین و توکل میں بھی کمی آتی ہے، اس کےبجائے درج ذیل ہدایات پر عمل کیجیے:

   اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرنے اور اسے مضبوط کرنے کی ہر انسان کو ضرورت ہے، اگر نمازوں کی پابندی نہیں ہے تو پنج وقتہ نماز باجماعت کا اہتمام کیجیے،   نمازوں کے بعد دعائیں بھی کیجیے اور استغفارکی کثرت کریں،  نیز درج ذیل اعمال کا اہتمام کریں:

1۔   سورہ واقعہ اور سورہ طارق فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ پڑھنےکا اہتمام کریں۔

2۔   فجر  کی نماز کے بعد ستر مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کریں، ان شاءاللہ رزق کی تنگی سے محفوظ رہیں  گے:

 اَللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاء وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ ( الشوری: ۱۹)

3۔۔   ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"اَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".

نیز  حسبِ توفیق صدقہ نکالنے کا معمول بنالیجیے، اگر پہلے سے معمول ہے تو اسے جاری رکھیے، اور بہتر یہ ہے کہ صدقہ یا تو دینی طلبہ پر خرچ کیجیے، یا اپنی ضرورت مند بہنوں پر,ان شاء اللہ اللہ رب العزت آپ کے مسائل حل فرمادیں گے۔  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144104200256

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں