بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رزق حلال کے لیے دعا اور عمل


سوال

مجھے رزق حلال کے لیے کوئی دعا بتلادیں،  چند سالوں سے معاشی تنگی کا شکار ہوں،  میں ہمیشہ  بینک کے قرضہ سے بچنا چاہتا ہوں، مگر انتہائی مجبوری میں قرض لینا پڑ جاتا ہے، میں نے اس سے بچنے کے لیے رئل اسٹیٹ کا کام شروع کیا،  مگر دیڑھ سال سے ایک بھی ڈیل نہیں ہوسکی، مجھے آپ کی راہ نمائی کی سخت ضرورت ہے، میں نماز روزہ صدقہ سب کا اہتمام کرتا ہوں!

جواب

رزقِ حلال کے لیے کثرت سے استغفار کرنے کا اہتمام کریں:

"وعنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رضِي اللَّه عنْهُما قَال: قالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ: منْ لَزِم الاسْتِغْفَار، جَعَلَ اللَّه لَهُ مِنْ كُلِّ ضِيقٍ مخْرجًا، ومنْ كُلِّ هَمٍّ فَرجًا، وَرَزَقَهُ مِنْ حيْثُ لاَيَحْتَسِبُ رواه أبو داود".

اور ہر نماز کے بعد اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"اللَّهُمَّ اكْفِنِي بحَلالِكَ عَنْ حَرَامِكَ، وَأَغْنِنِي بفَضْلِكَ عَمَّنْ سِوَاكَ".

نماز روزہ اور صدقہ کی پابندی جاری رکھیے، لیکن نماز، روزہ یا صدقے کا مقصد مالی و دنیاوی ترقی یا معاشی آسودگی نہ ہو، اصل مقصد اللہ کی رضا ہو، اور اس کے ساتھ یہ کیفیت ہو کہ میں گناہ گار اور نالائق ہوں اللہ تعالیٰ ہی مجھے توفیق دے رہے ہیں اس لیے ان کی عبادت کررہاہوں اور صدقہ دے رہا ہوں کہ وہ راضی ہوجائیں اور میں آخرت کی پکڑ سے بچ جاؤں۔

نیز اپنے اعمال کا محاسبہ کرلیجیے کہ خدانخوستہ کوئی ایسا گناہ تو سرزد نہیں ہورہا جو رزق کی تنگی یا رکاوٹ کا ذریعہ بن رہاہو! مثلاً سودی لین دین، اس سے سچی توبہ کیجیے، اور ایک مرتبہ پورے عزم ویقین اور اللہ پر توکل کرتے ہوئے سودی قرض سے جان چھڑائیں اور آئندہ کبھی بھی سودی قرض نہ لینے کا پختہ عزم کریں۔ در اصل یہ شیطان ہے جو آپ کے معاشی حالات کی ابتری سے فائدہ اٹھاکر آپ کے اعمال ضائع کرنے کی کوشش کررہاہے، اس سے بچاؤ کا طریقہ یہ نہیں کہ اس کے پھیلائے ہوئے جال میں پھنستے جائیں، بلکہ اس کے جال سے نکلنے کی کوشش کیجیے اور آئندہ اس کی طرف رُخ ہی نہ کیجیے۔ اور یہ سب کچھ آسان ہے، اگر انسان ایک مرتبہ پختہ عزم کرلے اور اپنے آپ کو پاکیزہ ماحول میں جوڑ دے۔ لہٰذا  اصلاحِ نفس کے حوالے سے کسی متبعِ سنت عالم سے رابطہ رکھیے، انہیں اپنے احوال بتاکر ان کے مشورے سے چلتے رہیے ان شاء اللہ گناہوں سے بچنا آسان ہوجائے گا، خصوصاً اللہ تعالیٰ پر غیر متزلزل ایمان اور دینیات میں کسی قسم کے شبہ کو دل و دماغ میں جگہ نہ دیجیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144010200651

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں