بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رجوع طلاق کے بعد


سوال

میں اپنی بیوی کے ساتھ 5 سال سے رہ رہا ہوں, اچھی زندگی تھی ڈھائی سال کی بچی تھی۔ ایک مہینہ پہلے میں امریکہ شفٹ ہوگیا, وہاں میرے سسرال والے بیس سال سے رہ رہے ہیں، یہاں ہماری معمولی بات پر لڑائی ہوئی، میری بیوی نے اپنی بہن کو بتایا، اور رات تین بجے انہوں نے پولیس بھیج دی اور بیوی بچی کو گھر بلالیا صبح ،مجھےمیری سالی نے گرفتار کروادیا, ایک دن جیل میں رہا، 3 دن روڈوں میں سردی میں گزارے؛ کیوں کہ میرا کارڈ اور سارے پیسے وہ لوگ لے گئے تھے، 4 دن بعد مجھے کورٹ نے گھر جانے کی اجازت دی  وہ سب سامان لےکے گئے تھے، میں نے فون کیا تو کہا کہ بیوی بچی اب نہیں آئے گی، اور کل مل کر بات کریں گے، اگلے دن مجھے کورٹ میں بلایا اور کہا کہ  طلاق کے پیپر پر سائن کرو، میں نے کہا: نہیں کروں گا، میری بیوی سے بات کرواؤ، مجھے دھمکیاں اور گالیاں دیں  4 گھنٹے تک، میری بیوی سے کہا: کچھ نہیں ہے، صرف ایک سفید کاغذ ہے، اس کو ڈرارہے ہیں، اور اب کہتے ہیں کہ طلاق ہوگئی، کوئی گنجائش ہے تو بتائیں، میں طلاق دینا نہیں چاہتا تھا  اور ہم رجوع کرنا چاہتے ہیں۔ وہ کاغذ کہیں جمع نہیں کروایا، زبردستی شرائطِ طلاق پر دستخط لیے ہیں۔

جواب

اس صورت میں اگر آپ نے طلاق کے کاغذات پر  دستخط کیے ہیں  اور اس میں  انہوں نے آپ کو جان سے ماردینے کی ایسی دھمکی نہیں دی جس سے آپ کو یہ یقین ہو گیا ہو کہ یہ لوگ واقعی آپ کو ماردیں گے، تو اس کاغذ پر لکھی ہوئی طلاق واقع ہو چکی ہے۔ اگر اس پر تین طلاقیں لکھی ہوئی تھیں تو اب آپ کی بیوی نہیں رہی اور رجوع بلا حلالہ کے ممکن نہیں، لیکن اگر اس پر ایک یا دو طلاقیں  طلاق کے لفظ کے ساتھ لکھی ہوں تو دورانِ عدت آپ  اپنی بیوی سے رجوع کرسکتے ہیں، اور عدت گزرنے کے بعد (یا طلاقِ بائن دینے کی صورت میں) باہمی رضامندی سے نئے مہر کے ساتھ شرعی گواہوں کی موجودگی میں تجدیدِ نکاح کی اجازت ہوگی، آئندہ آپ کو  باقی ماندہ طلاقوں کا اختیار ہوگا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143907200112

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں