بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

دنیا کی ابتدا کب سے ہوئی؟


سوال

کیا کسی روایت یا تاریخ سے یہ بات ثابت ہے کہ دنیا بنے ہوۓ کتنے سال ہو گۓ؟

جواب

قرآنِ مجید کی کسی آیت نیز حدیث یا تاریخ کی کسی بھی مستند کتاب میں دنیا کی ابتدا کا ذکر نہیں  ملا۔

تاہم بہت سی صحیح اور ثابت احادیثِ مبارکہ سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ دنیا کی تخلیق اور انسانوں کے دنیا میں آباد ہوئے بہت طویل عرصہ ہوچکا ہے، جیساکہ آپ ﷺ نے اپنے دستِ مبارک کی دو انگلیاں ساتھ ملاکر فرمایا (جس کا مفہوم ہے کہ) میں اور قیامت اس طرح ساتھ بھیجے گئے ہیں۔ نیز بہت سی احادیث میں اس امت کی مدت کو پچھلی امتوں کے زمانے سے تشبیہ دیتے ہوئے جو مثالیں بیان فرمائی گئی ہیں، ان سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ انسانوں کے دنیا میں آباد ہونے سے اب تک بہت طویل مدت گزرچکی ہے۔ 

چناں چہ بعض مفسرین نے لکھا ہے کہ یہ بات جو مشہور ہے کہ دنیا کی عمر چھ یا سات ہزار سال ہے، یہ اسرائیلیات میں سے ہے، کسی آیت یا مستند حدیث میں اس کا ذکر نہیں ہے، بلکہ قرآنِ مجید اور احادیثِ مبارکہ کے نصوص سے اس کے خلاف سمجھ میں آتاہے، جیساکہ اجمالاً اوپر گزرا ہے، چناں چہ رسول اللہ ﷺ کی ہجرت سے اب تک 1441 سال ہوچکے ہیں، جب کہ رسول اللہ ﷺ اپنی امت کی مدت کو دیگر امتوں کے مقابلے میں بہت قلیل قرار دیتے ہیں اور اپنی بعثت قیامت سے اس قدر متصل فرماگئے جیسے دو انگلیاں متصل ہوں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144105200257

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں