بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

دادی کی خدمت اور محبت کے لیے وظیفہ


سوال

 میں اپنی دادی جان کی بہت خدمت کرتا ہوں، لیکن وہ مجھ سے بہت نفرت کرتی ہیں، پتہ نہیں کیوں!  ہمارے گھر میں باقی سب سے وہ بہت محبت کرتی ہیں سوائے  میرے اور میرے  والدین کے، ہم سے ہر کام کرواتی ہیں، باقی سب کو کچھ بھی نہیں کہتیں  اور بدلے میں کبھی اچھا  جواب تک بھی نہیں دیتیں،  اور لوگوں کے سامنے میری برائی کرتی رہتی ہیں،  مجھ سے ہمیشہ کام کرواتی ہیں، جتنا بھی گندا کام کیوں  نا ہو،  میں بہت پریشان ہوں  اس سے، برائے  کرام کوئی اچھا عمل وظیفہ یا طریقہ بتائیں،  جس سے ان کی نفرت کو محبت میں تبدیل کرلوں!

جواب

آپ کا اپنی دادی کی خدمت کرنا بہت ہی سعادت مندی اور نیک بختی کی بات ہے ، آپ بدستور خدمت کرتے رہیں دادی کی سختی کی پرواہ نہ کریں ، آپ کی یہ خدمت دنیا و آخرت میں  رائے گاں  نہیں جاسکتی۔ بلکہ جس صورتِ حال سے آپ کا سابقہ ہے، اس حالت میں آپ آنے والی فضیلت کے مستحق ہوسکتے ہیں:

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول ﷺ، میرے کچھ رشتہ دار ہیں، جن سے میں صلہ رحمی کرتا ہوں، لیکن وہ مجھ سے قطع تعلق رکھتے ہیں، اور میں ان کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہوں، لیکن وہ میرے ساتھ برا سلوک رکھتے ہیں، اور میں ان کی باتیں برداشت کرتاہوں، کوتاہیاں معاف کرتا ہوں، جب کہ وہ لوگ میرے ساتھ جہالت والا رویہ رکھتے ہیں اور زیادتی کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر حقیقت اسی طرح ہے جیسے آپ کہہ رہے ہیں تو گویا آپ انہیں خاک/ راکھ چٹا رہے ہیں، اور جب تک آپ اس حالت پر رہیں گے اللہ تعالیٰ کی طرف سے  برابر آپ کے لیے ان کے مقابلے میں ایک مددگار (فرشتہ) مقرر رہے گا۔ (صحیح مسلم)

باقی ان کا دل نرم کرنے کے لیے درج ذیل اعمال کیجیے:

1- پنج وقتہ نمازوں کے بعد والدین، اور دادا دادی میں سے جو حیات ہیں ان کے لیے دعا کیا کریں، اور ان الفاظ سے بھی دعا کریں: "رَبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا."

2- دن میں (ممنوعہ اوقات کے علاوہ) کسی بھی وقت دو رکعت نفل پڑھ کر اس کا ثواب دادی صاحبہ کو ہدیہ کردیا کریں۔

3- ان کے دل کی نرمی اور محبت  کی نیت کے  ساتھ یہ وظیفہ( یَا لَطِیْفُ یَا وَدُوْدُ) کثرت سے پڑھیں ، ان شاءاللہ بہتری ہوگی۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144112200381

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں