بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

خود اعتمادی کی کمی دور کرنے کا طریقہ اور وظیفہ


سوال

مجھے جب کہا جاتا ہے کہ لوگوں کے سامنے یہ مضمون سمجھاؤ تو مجھے آتا سب ہے، مگر لوگوں کے سامنے جب کھڑا ہوتا ہوں تو بہت زیادہ گھبرا ہٹ کا شکار ہوجاتا ہوں ، دل کی دھڑکن زیادہ تیز ہوجاتی ہےاور جسم کانپنے لگتا ہے اور میں صحیح طرح بول بھی نہیں پاتا اور لوگوں سے نظر بھی نہیں ملا سکتا ، کچھ وظیفہ بتائیں کہ یہ بیماری ختم ہوجائے!

جواب

اللہ سبحانہ و تعالیٰ آپ کی مذکورہ کم زوری کو دور فرمائے، ذیل میں آپ کے لیے وظیفہ بھی لکھا جاتاہے، لیکن اس کے ساتھ آپ  کو خود اعتمادی پیدا کرنے کی مشق بھی کرنی ہوگی، اس کے لیے ابتدا میں یہ کیجیے  کہ کسی بھی مضمون کی کچھ سطریں یا ایک آدھ صفحہ زبانی یاد کرکے، اسے تنہائی میں بلند آواز سے دہرایا کریں، جب وہ اچھی طرح پختہ ہوجائے تو کچھ لوگوں کے سامنے اسے حتی الامکان باعتماد انداز میں حرف بحرف بیان کردیا کریں، اگرچہ اپنے گھر والوں یا چند دوستوں کے سامنے ہی اسے بیان کردیں، نیز اسے سمجھانے کا تکلف نہ کیجیے، بلکہ ابتدا میں حرف بحرف وہی مضمون سنا دیا کریں، اس سے آپ پر سے رعب کم ہونا شروع ہوجائے گا، یوں مختلف موضوعات پر مختصر مختصر تحریرات یاد کرکے سنایا کریں، یا جہاں چند لوگ موجود ہوں وہاں بیان کردیا کریں، چند مرتبہ ایسا کرنے کے بعد یاد کردہ مضمون کو تنہائی میں اپنے الفاظ میں بلند آواز سے بیان کریں، اور پھر اسی کو کچھ لوگوں کے سامنے بیان کریں، یوں آپ کو اپنے الفاظ میں سمجھانا بھی آجائے گا۔

نیز مندرجه ذيل  وظائف میں سے کسی ایک یا سب كا اهتمام فرمائيں، اور جب کچھ بیان کرنا ہو درود شریف پڑھ کر اپنا سینہ اور زبان کھلنے کی دعا بھی کیا کریں:

1)  {رَبِّ اشْرَحْ لِي صَدْرِي وَيَسِّرْ لِي أَمْرِي وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِّن لِّسَانِي يَفْقَهُوا قَوْلِي} [طه:25-28]  (فجر اور مغرب کے بعد کم از کم سات سات مرتبہ پڑھ لیجیے، اور جب بھی کسی موضوع پر باقاعدہ بات کرنی ہو (بیان کرنا ہو) تو اول و آخر درود شریف پڑھ کر درمیان میں اسے تین مرتبہ پڑھ لیجیے۔

2){فَاسْتَقِمْ كَمَا أُمِرْتَ وَمَن تَابَ مَعَكَ }(سورۃ ہود آیت ۱۱۲) ہر نماز کے بعد تین مرتبہ یا صبح و شام 21، 21 مرتبہ پڑھ لیجیے۔

3) {الَّذِينَ آمَنُوا وَتَطْمَئِنُّ قُلُوبُهُم بِذِكْرِ اللَّهِ أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ}  (سورۃ رعد آیت :۳۸) ہر نماز کے بعد تین مرتبہ یا صبح و شام 21، 21 مرتبہ پڑھ لیجیے۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144111201209

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں