بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

خواب میں سانپ اور بچھوں دیکھنے کی تعبیر


سوال

تین سال سے مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں پاگل ہوں، سمجھ نہیں آرہا کہ میں کیا کروں،  اکثر خوابوں  میں سانپ اور مگرمچھ نظر آتے ہیں، کئی بار  میں نے خواب میں سانپوں کو مارنا چاہا، لیکن  وہ مجھ سے سبز پودوں  میں چھپ جاتے ہیں۔

ایک رات میں نے خواب میں بالوں والا سانپ دیکھا،  جب میں نے اسے مارنے کے لیے پتھر مارا  تو  وہ  مجھے ایک سبز پودے (نیغونے اس پودے کا نام ہے پشتو میں جو ہمارے علاقے میں پاۓ جانے والا جنگلی پودا ہے)  میں چھپ گیا۔ تقریباً  7، 8 دن بعد میری مردانہ طاقت اچانک ختم ہوگئی،  جب کہ میر ی عمر اس وقت اکیس سال ہے۔  ایک دفعہ میں نے خواب میں بڑے بڑے مگر مچھ دیکھے، میر ے ہاتھ  میں ایک ڈنڈا تھا جو بہت کم زورتھا،   اس کے بعد میری حالت پاگلوں جیسی ہے۔ 

اکثر ایسا ہوتا ہے جب میں رات کو اپنے  پاس پینے کے لیے جگ میں پانی رکھتا ہوں  تو اس میں کبھی نمک کا  کڑوا ذائقہ ہوتا ہے اور کبھی کبھار اس کی اندر کاغذ کے ٹکڑے ہوتے ہیں۔  جب میں نے اس کے بارے میں  اپنی بیوی سے پوچھا تو اس نے قسم کہاکر کہا کہ یہ کام میں نے نہیں کیا ہے۔

  آپ ایسے عمل یا وظیفے کے بارے میں میری راہ نمائی  کریں کہ اس بندے کا پتا  چل جاۓ کہ یہ کام کون کروارہا ہے اور اس دشمن سے نجات کے لیے بھی وظیفہ بتائیں؛ کیوں کہ میں کسی عامل  پیر نجومی کے پاس نہیں جاتا اور خوابوں کی تعبیر بھی بتائیں۔

جواب

 آپ خود کو پاگل محسوس کرتے ہیں, یا کوئی اور نفسیاتی اثر ظاہر ہورہاہے تو اس بارے میں طبیب سے مشورہ کرنا چاہیے۔

 باقی خواب میں سانپ اور بچھوں کی تعبیر نفسِ امارہ ہے،  آپ کے خواب کی تعبیر یہ ہے کہ آپ کا نفس آپ پر غالب ہے اور مسلسل اس کی خواہشات پوری کرنے کی وجہ سے آپ کو اس کی وجہ سے شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ آپ کو  چاہیے کہ آپ اپنے گناہوں پر توبہ و استغفار کریں اور گناہوں والی زندگی سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے  لیے کسی نیک ، متبعِ سنت عالمِ  دین یا بزرگ کی صحبت میں کچھ وقت گزارا کریں اور ان کے بیانات میں شرکت کریں۔

آپ نجومی یا عامل کے پاس نہیں جاتے تو بہت اچھا کرتے ہیں، تاہم حفاظت کے لیے مسنون دعاؤں اور صبح و شام کے اوراد کا اہتمام کیجیے،  اس کے علاوہ بے فائدہ فکر اور پریشانی میں مبتلا مت ہوئیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144008200354

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں